پاکستان اور چین کامختلف شعبوں میں تعاون مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان اور چین نے باہمی فائدے کیلئے مختلف شعبوں میں تعاون مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ اس عزم کا اظہار اسلام آباد میں سینٹ کے چیئرمین صادق سنجرانی اور پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ کے درمیان ہونیوالی ملاقات میں کیا گیا۔

انہوں نے علاقائی امن و خوشحالی کیلئے مشترکہ کوششوں پر بھی زور دیا۔ سینٹ کے چیئرمین نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کی تعاون پر مبنی تزویراتی شراکت داری تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جائے گی۔ صادق سنجرانی نے کہا کہ دونوں ملک نے مشکل وقت میں ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان، چین پاکستان اقتصادی راہداری کی بروقت تکمیل کیلئے پرعزم ہے انہوں نے کہا کہ سی پیک کے دشمن اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چین کے کارکنوں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔چین کے سفیر نے کہا کہ پاکستان چین کا قریبی دوست ہے انہوں نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا خواہش مند ہے انہوں نے کہا کہ چین علاقائی امن کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا