ممنوعہ فنڈنگ کیس ،قاسم سوری ایف آئی اے کے دفتر میں پیش نہ ہوسکے


اسلام آباد(صباح نیوز)سابق ڈپٹی سپیکراور پی ٹی آئی کے رہنما قاسم خان سوری تاحال وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے)کے دفتر میں پیش نہ ہو سکے۔

قاسم سوری کا ایف آئی اے میں طلبی پر کہنا ہے کہ میں نے ہمیشہ آئین و قانون کا احترام کیا ہے۔قاسم سوری نے کہا ہے کہ مجھے ایف آئی اے کا نوٹس گذشتہ روز کوئٹہ کے گھر پر موصول ہوا تھا، میں اسلام آباد میں تھا، کوئٹہ کے لیے فلائٹ دستیاب نہیں تھی ، ایف آئی اے کے سامنے پیش نہیں ہوسکا۔

پی ٹی آئی کے رہنما  نے مزید کہا کہ  گزشتہ رات ایف آئی اے کی جانب سے مجھے نوٹس موصول ہوا۔2011 سے 2013 تک بھیجی گئی رقم پاکستان تحریک انصاف کے آفیشل اکائونٹ میں آئی، یہ رقم پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے مختلف پارٹی اور دفتری امور کے لیے استعمال ہوئی۔

قاسم خان سوری نے کہا کہ یہ رقم میرے ذاتی اکانٹ میں نہیں بھیجی گئی تھی۔واضح رہے کہ سابق ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کو جمعرات ساڑھے 11 بجے ایف آئی اے کوئٹہ میں طلب کیا گیا تھا۔