ملتان(صباح نیوز)صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب، غلام اسرار خان نے انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کیلئے 7نومبر 2021سے 6دسمبر 2021تک جاری گھر گھر تصدیقی مہم کا جائزہ لینے کیلئے دفتر ریجنل الیکشن کمشنر، ملتان کا دورہ کیا اور ملتان ریجن کے ضلعی الیکشن کمشنرز سے ملاقات کی۔
ملاقات میں ریجنل الیکشن کمشنر ملتان، ندیم قاسم، ضلعی الیکشن کمشنرزملتان محمد سلیم اور جاوید اقبال، ضلعی الیکشن کمشنر خانیوال اکبر علی، ضلعی الیکشن کمشنر لودھراں عدنان ظفر اور ضلعی الیکشن کمشنر وہاڑی اصغر علی نے شرکت کی۔
صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے افسران کو چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان، سکندر سلطان کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کے ہر مرحلے پر تمام عملہ تندہی سے کام کرے۔ گھر گھر تصدیقی مہم کے دوران عوام کو کسی طرح کی پریشانی نہ ہو اور انکے ووٹ کے اندراج اور درستگی کو یقینی بنایا جائے۔
صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی الیکشن کمشنرز ہفتہ وار بنیادوں پر تمام تصدیقی عملے کے ساتھ با قاعدہ میٹنگز کرتے رہیں اورمعاملات کی رپورٹ لیتے رہیں۔ تصدیقی مہم کے دوران تصدیقی عملے اور عوام کو پیش آنیوالے مسائل کا احاطہ کر کے انہیں وقت پر حل کیا جائے۔
علاوہ ازیں جہاں پر لوگوں کے شناختی کارڈ کے حوالے سے مسائل سامنے آئیں،ان کے لئے نادرا حکام کے ساتھ ملاقات کر کے ایسے علاقوں میں موبائل رجسٹریشن وین بھیج کر ان مسائل کو حل کیا جائے۔
صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے ہدایت دی کہ اس دوران ضلعی الیکشن کمشنرز عوام الناس کیلئے ووٹر آگاہی سرگرمیوں کا خاص اہتمام کریں اور انہیں یہ پیغام پہنچائیں کہ اپنے ووٹ کا اندراج کر وائیں اور کوائف میں کسی قسم کی غلطی کی صورت میں گھر گھر تصدیقی مہم کا فائدہ اٹھائیں اور درست اندراج کو یقینی بنانے میں الیکشن کمیشن کے ساتھ تعاون کریں۔
اس مقصد کیلئے صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ اس قومی فریضے کی ادائیگی میں الیکشن کمیشن کا ساتھ دیں اور عوام کو انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کیلئے جاری گھر گھر تصدیقی مہم کے حوالے سے آگاہ کریں۔