سراج الحق (بدھ کو ) کو اسلامی جمعیت طلبہ کے روڈ کارواں سے ڈی چوک میں خطاب کریں گے،قیصر شریف


لاہور(صباح نیوز)سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف نے کہا ہے کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق 17نومبر (بدھ ) کو اسلامی جمعیت طلبہ کے روڈ کارواں سے اسلام آباد کے ڈی چوک میں خطاب کریں گے۔

منصورہ سے جاری ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ کے تحت 2نومبر کو کشمیر سمیت چاروں صوبوں سے نکلنے والے روڈ کارواں میں لاکھوں طلبہ شریک ہیں جو بدھ کو اسلام آباد میں دھرنا دیں گے۔

انھوں نے کہا کہ طلبہ کے مطالبات ہیں کہ طلبہ یونین کو بحال کیا جائے۔ وزیر اعظم ہاؤس کو یونیورسٹی اور گورنر ہاؤسز کو لائبریریوں میں تبدیل کیا جائے۔ جامعات کو سہولیات فراہم اورہاسٹلز تعمیر کیے جائیں۔ طلبہ کا مطالبہ ہے کہ حکومت دو سالہ ڈگری پروگرام بحال کرے،فیس گھٹائے اور تعلیمی گرانٹس میں اضافہ کرے۔ طلبہ اس مطالبے پر دھرنا دیں گے کہ این ایل ای ختم کیا جائے اور پی ایم ڈی سی بحال کی جائے۔طلبہ لیپ ٹاپ سکیم کی بحالی ،تعلیمی بجٹ 4 فیصد کرنے اور نظام تعلیم کو یکساں بنانے کے مطالبات کے ساتھ مظاہرہ کریں گے۔