یونیورسٹیز میں شفافیت میرٹ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ،گورنر پنجاب


لاہور (صباح نیوز)گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ یونیورسٹیز میں شفافیت اور میرٹ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔آئین اور قانون کی حکمرانی اور حق داروں کو انکا حق دینے سے ہی ملک مضبوط ہوتے ہیں۔کسی بھی عہدے پر بیٹھے شخص کے لیے لازم ہے کہ وہ اپنے عہدے سے مکمل انصاف کر ے ۔

پاکستانی خواتین جس کامیابی سے آگے بڑ ھ رہی ہیں اس کے بعد شاید آنیوالے سالوں میں لڑکیوں نہیں لڑکوں کی ملازمتوں کے لیے کوٹہ مختص کر نا پڑے ۔ وہ سوموار کے روز یونیورسٹی آف انجینئر نگ اینڈ ٹیکنالوجی کے27کانووکیشن سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف انجینئر نگ اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر منصور سرور ،جامعہ کے ارکان سینڈ یکیٹ ،غیر ملکی وفود،ڈینز ،رجسٹرارمحمد آصف ،کنٹرولر امتحانات ضر غام نصرت سمیت مختلف تدریسی اور انتظامی شعبہ جات کے سر بر اہان بھی شر یک ہوئے ۔

کانووکیشن میں گور نر پنجاب ویونیورسٹی چانسلر چوہدری محمدسرور نے پوزیشن ہولڈرز طلبہ وطالبات کو گولڈ ماڈلزسے بھی نوازا۔ کانووکیشن میں 2246 گریجویٹس ،651 ایم فل، 32 پی ایچ ڈیز طلباء میں ڈگریاں اور 61طلبہ کو گولڈ میڈلز دئیے جبکہ گور نر پنجاب نے یونیورسٹی کے قیام کو100سال مکمل ہونے پر پودابھی لگایا اور یادگاری تختی کا بھی افتتاح کر دیا ہے ۔

گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے اپنے خطاب میں پوزیشن ہولڈرز اور ڈگر یاں حاصل کر نیوالے طلباء کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ادارے کی کامیابی کیلئے میرٹ ضروری ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ میں نے بطور چانسلر پنجاب کی یونیورسٹیز میں جتنے بھی وائس چانسلر لگائے ہیں وہ سب 100فیصد میرٹ پر لگے ہیں اوریونیورسٹی میں شفافیت اور میرٹ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

اُنہوں نے کہا کہ دنیا کیساتھ ہم آہنگ رہنے کے لیے موجودہ حکومت سب کے لیے معیاری تعلیم کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم یہ تسلیم کرتے ہیں کہ عوام کی اعلیٰ تعلیم تک رسائی ریاست کی ذمہ داری ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد طلبہ کو تعلیم اور تحقیق کے میدان میں خود مختاربنانا ہے تاکہ وہ پائیدا ر ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں ۔چوہدری محمدسرور نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ یونیورسٹی آف انجینئر نگ اینڈ ٹیکنالوجی مقامی صنعتوں کے د ر میان رابطوں کو فروغ دینے اور انہیں مسائل کے مؤثر تکنیکی اور معاشی حل پیش کر ے گی کیونکہ اکیڈ می اور صنعت کے در میان پل کا کردار ادا کرتے ہوئے یونیورسٹی پہلے ہی سوشل پراجیکٹس اورڈگری کے حصول کے لیے صنعتوں میں انٹر نشپ کو لازمی قراردے چکی ہے اور اگر یجوئٹس کے لیے مختلف ٹر یننگز کا اہتمام کر رہی ہے ۔

گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ اس عظیم تعلیمی ادارے سے وابستگی اور فارغ التحصیل ہونے کے بعد طلبا کے کندھوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے بعد آنیوالے طلبا کے لیے مشعل راہ بنیں اور انکے لیے بہتر تعلیمی وارثت چھوڑیں ۔

اُنہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے فارغ التحصیل طلبا نہ صرف ملکی ضرورت پوری کر رہے ہیں بلکہ غیر ممالک میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر نے کے ساتھ ساتھ مختلف اعلیٰ عہدوں پر بھی فائز ہیں ۔

چوہدری محمدسرور نے ڈگریاں حاصل کر نیوالے طلبا سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ غر بت ،پانی کے بحران ،ماحولیاتی آلودگی اور قدرتی آفات جیسے اہم مسائل سے نمٹنے کے لیے پائیدار اقدامات کے لیے حکومت کیساتھ تعاون کر یں ۔

اُنہوں نے کہا کہ آئی ٹی کا شعبہ بھی پاکستان میں سماجی اور معاشی خوشحال لانے کیلئے ایک غیر معمولی منافع بخش موقع ہے ۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منصورسرور نے پوزیشن ہولڈر ز اور ڈگر یاں حاصل کر نیوالے طلبا کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ الحمد اللہ یونیورسٹی آف انجینئر نگ اینڈ ٹیکنالوجی کا شمار صرف پاکستان ہی نہیں دنیا کی بہتر ین یونیورسٹیز میں شامل ہوتا ہے اور اس تاریخی درس گاہ کو قائم ہوئے 100سال مکمل ہوچکے ہیں اور مجھے خوشی ہے کہ میں یہاں بطور وائس چانسلر کام کر رہا ہوں۔

اُنہوں نے کہا کہ ہم نے یونیورسٹی میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا ہے اور ہماری کوشش ہے کہ فیس نہ ہونے کی وجہ سے کوئی طالب علم تعلیم محروم نہ رہے