آشیانہ کیس’کامران کیانی، بلال قدوائی،امتیاز حیدر کے نام بھی شامل کرنے کی منظوری


اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی کابینہ نے قومی احتساب بیورو( نیب ) کی سفارش پر آشیانہ اقبال ہائوسنگ پراجیکٹ کیس میں قومی اسمبلی میں قائدحزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف او روزیر اعظم کے سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کے بعد تین دیگر شریک ملزمان کامران کیانی، بلال قدوائی اور امتیاز حیدر کے نام بھی ای سی ایل میں شامل کرنے کی منظوری دے دی۔

نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی کابینہ نے سرکولیشن سمری کے ذریعہ تینوں شریک ملزمان کے نام ای سی ایل پر ڈالنے کی منظوری دی ہے۔ نیب نے ملزمان پر بدنیتی سے مل کر قومی خزانے کو چار ارب روپے کا نقصان پہنچانے اور آشیانہ اقبال منصوبے کا کنٹریکٹ غیر قانونی طور پیراگون سٹی کو دینے اور آشیانہ پراجیکٹ ایوارڈ منسوخ کرنے میں ملی بھگت اور اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے کا الزام لگایا ہے۔نیب نے ملزمان پر یہ الزام بھی لگایا ہے کہ انہوں نے پنجاب لینڈ ڈیویلپمنٹ کمپنی کے معاملات میں مداخلت کی اور کمپنی آرڈیننس 1984کی خلاف ورزی کی۔