لاہور(صباح نیوز) پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور نے کہا ہے کہ پاکستان خطے کے مخصوص ممالک میں سب سے زیادہ ماہانہ اجرت دینے والا ملک ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپربیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کم از کم ماہانہ اجرت فراہم کرنے میں اپنے ہمسائیہ ممالک سے آگے نکل گیا۔ انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے ڈیٹا کے مطابق پاکستان خطے کے مخصوص ممالک میں سب سے زیادہ ماہانہ اجرت دینے والا ملک ہے۔ سب سے زیادہ ماہانہ اجرت دینے کے معاملے میں چین، بھارت، انڈونیشیا، سری لنکا اور بنگلا دیش سمیت دیگر ممالک پاکستان سے پیچھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات کی بدولت ہمارا مزدور طبقہ تیزی سے بہتر طرزِ زندگی کی جانب گامزن ہے۔ کورونا کے باعث صنعتوں اور کاروباروں کی بندش سے مزدور طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا۔ سمارٹ لاک ڈائون پالیسی اور مختلف کاروباری شعبوں سے کورونا پابندیوں کا مرحلہ وار اٹھایا جانا کارگر ثابت ہوا۔