عمر سرفراز چیمہ کو نیا گورنر پنجاب مقرر کر دیا گیا، فواد چوہدری


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمر سرفراز چیمہ کو نیا گورنر پنجاب مقرر کر دیا گیا ہے۔

فواد چوہدری نے سوشل میڈیا کے ذریعے عمر سرفراز چیمہ کو نیا گورنر پنجاب مقرر کرنے سے متعلق آگاہ کیا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل فواد چوہدری نے سوشل میڈیا پر آگاہ کیا تھا کہ چوہدری محمد سرور کو گورنر پنجاب کے عہدے سے برطرف کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ چوہدری سرور کو مسلم لیگ ق کے رہنما پرویز الہی کی شکایت پر برطرف کیا گیا۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری سرور پنجاب کے وزیراعلی کے انتخاب میں (ن) لیگ کے رہنما حمزہ شہباز کے لیے مہم چلا رہے تھے اور وہ وزارتِ اعلی کے منصب کے لیے پرویز الہی کی مخالفت کررہے تھے۔