عمران خان کی قسمت میں اقتدار سے جانا بھی عزت سے نہیں لکھا ،مریم اورنگزیب


اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ افسوس کی بات یہ ہے عمران خان کی قسمت میں اقتدار سے جانا بھی عزت سے نہیں لکھا۔

 ترجمان پنجاب حکومت مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ اصل میں دھرنا ذہنیت کے لوگ آئینی اور جمہوری طریقے سے گھر جانا نہیں چاہتے، آج یوم نجات ہے، عوام کو آٹا، چینی، بجلی، گیس، دوائی، کھاد چوروں سے نجات مبارک، چند گھنٹے بعد ملک کو جھوٹ، بدتمیزی، کرپشن، انتشار، خلفشار اور نالائقی سے نجات مل جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ آج عمران صاحب کو اپنی زندگی کا سب سے بڑا سرپرائز ملنے جا رہا ہے، عمران صاحب اپنے خیالی قلعوں کی دنیا سے سنگلاخ زمینی حقیقتوں میں آجائیں گے، عوام آئینی، جمہوری اور پارلیمانی روایات والے پاکستان میں قدم رکھیں گے۔

 مسلم لیگ( ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پردعوی کیا ہے کہ اپوزیشن کے پاس 176ارکان ہوگئے ہیں۔ن کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت کی اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کے 2ارکان اپوزیشن کے ساتھ آگئے ہیں جس کے بعد یہ تعداد 176ہوگئی ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ میں اس وقت موجود پی ٹی آئی ارکان کی تعداد 21ہے۔ مریم اورنگزیب نے ارکان کی تعداد کی تصویر بھی شیئر کی تھی۔

مریم ورنگزیب کی جانب سے شیئر کی گئی اس فہرست کے مطابق ن لیگ کے ارکان 84،پیپلزپارٹی کے 56ارکان ساتھ ہیں، ایم ایم اے 14، ایاین پی 1، بی این پی مینگل کے 4ارکان ساتھ ہیں۔مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے 6، بی اے پی کے 4ارکان ساتھ ہیں، جے ڈبلیو پی 1اور 4آزاد امیدوار عدم اعتماد میں ساتھ ہیں