اپوزیشن نے سپیکر اسد قیصر کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی


اسلام آباد(صباح نیوز)متحدہ اپوزیشن نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے خلاف بھی تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی۔

سپیکر اسد قیصر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پر 100 سے زائد ارکان قومی اسمبلی کے دستخط موجود ہیں۔

سپیکر قومی اسمبلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد ایاز صادق، خورشید شاہ، نوید قمر اور شاہدہ اختر علی نے جمع کرائی۔

 پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کاپی ٹویٹ  کر دی۔

انہوں نے مسکرانے کا سمبل ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا، سرپرائز۔

اس سے قبل بلاول نے ایک اور ٹویٹ میں شعر لکھا،

لشکر حسین کا ہے سپاہی یزید کے

کوفے کے لوگ بن گئے وارث شہید کے۔

خیال رہے کہ پارلیمنٹ کے اہم ترین اجلاس میں آج وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہونے جارہی ہے۔

اس موقع پر پارلیمنٹ ہاؤس اور ریڈ زون میں فول پروف سیکیورٹی کی گئی ہے، پارلیمنٹ ہاؤس اور دیگر عمارتوں کی سیکیورٹی رینجرز اور ایف سی کے سپرد کردی گئی ہے۔