عمران خان خط سے اداروں کو دباؤ میں لانے کی کوشش کر رہے ہیں،بلاول بھٹو


اسلام آباد(صباح نیوز)چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ خان صاحب خط جلسے میں لہرا کر آج تک استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، عمران خان خط سے اداروں کو دبا میں لانے اور متنازعہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

بلاول بھٹو نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم جماعتیں حکومت بنانے کیلئے تیار ہیں، انتخابی اصلاحات کا عمل جلد مکمل کریں گے، اصلاحات کے بعد ہم سب چاہتے ہیں کہ جلد انتخابات ہوں، جمہوریت اور اداروں کی غیر جانبداری پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ کمیٹی اجلاس بلانے کا کوئی نوٹیفکیشن نہیں دیا گیا، خط کے حوالے سے آپ جو پوچھنا چاہتے ہیں وہ 3 دن بعد پوچھیں، ہمارا خیال ہے خط وزیراعظم کے کسی وزیر نے خود سفیر سے لکھوایا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے لیے باعزت راستہ یہ ہے کہ آپ مستعفی ہوجائیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آپ نے اپنی اننگز کھیل لی ہے، آپ کو شکست ہوگئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے اپنے ایک وزیر سے خود خط لکھوایا، خط کا معاملہ قومی سلامتی کا معاملہ نہیں ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ قومی سلامتی اجلاس کا نہ کوئی دعوت نامہ ملا نہ اس اجلاس کی ضرورت ہے، یہ کرسی پر چپک کر ہر ایک پر حملے کر رہا ہے۔