اسلا م آباد(صباح نیوز)وزیر اعظم عمران خان سے یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔
اسلام آباد سے جاری اعلامیہ کے مطابق بات چیت کے دوران دونوں رہنماوں نے یوکرین کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے جاری عسکری تنازع پر افسوس کا اظہار کیا۔
اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان تشدد کے فوری خاتمے اور مذاکرات کے ذریعے تنازعے کے حل کا حامی ہے، تنازعات کے ترقی پذیر ملکوں پر منفی معاشی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان نے شہریوں کو ریلیف کی فراہمی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے یوکرین کے عوام کی امداد کیلئے 2 سی 130 جہاز بھجوائے ہیں۔انہوں نے کہا کہ او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں یوکرین میں سیکیورٹی اور انسانی صورتحال پر اظہار تشویش کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ او آئی سی وزرائے خارجہ نے یوکرین میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا اور رکن ملکوں نے مذاکراتی عمل میں معاونت کا اظہار کیا۔