مسلم لیگ( ق ) کے طارق بشیر چیمہ وفاقی کابینہ سے مستعفی ہونے کا اعلان


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ(ق)کے وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے وفاقی کابینہ سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ(ق) کے سینئر رہنما طارق بشیر چیمہ نے کابینہ سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے ایک نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ وزارت سیاستعفی دے دیا ہے، عمران خان کے خلاف ووٹ دوں گا، انہوں نے کہا کہ میں نے ضمیر کی آواز کے مطابق کوشش کی ہے فیصلہ کروں۔

ان کا کہنا تھاکہ چوہدری شجاعت اور پرویز الہی دونوں میں کوئی فرق نہیں ہے، میری اپنی سوچ اور ذہن ہے، جس نہج میں ملک کو لے جایا گیا ہے، بہت بہتر انداز میں معاملات حل ہوسکتے تھے لیکن وزیراعظم نے بہت سارا وقت ضائع کردیا۔ان کا کہنا تھاک بعض دفعہ ہمارے پاس کوئی چارہ نہیں ہوتا کہ ہم جیسے لوگ چپ کرکے مستعفی ہو کر بیٹھ جائیں۔

ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پرویز الہی اپنے حوالے سے خود بتائیں گے، چوہدری شجاعت میرے لیڈر اور صدر ہیں انہوں نے اجازت دی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عدم اعتماد کا ووٹ عمران خان کے خلاف ڈالوں گا، مونس الہی کہیں گے تو خود ملنے جاوں گا۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ (ق) میں  پھوٹ پڑ گئی ہے اور پرویز الہی کی جانب سے وزارت اعلی پنجاب کی حکومتی پیشکش قبول کرنے سے پہلے ہی طارق بشیر چیمہ نے وزارت سے استعفی دے دیا۔