ا یک دوسرے کو چور کہنے والے مفادا ت کیلئے شیروشکر ہو رہے ہیں،میاں اسلم


اسلام آباد ( صباح نیوز) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ حکو مت اور اپوزیشن جلسے کر کے اپنی ناکامیوں پر پر د ہ ڈالنے کی کو شش کر رہے ہیں ، قوم آزمائے ہوئے حکمرانوں کو مزید موقع دینے کی بجائے جماعت اسلامی کا ساتھ دے، ہم حقیقت میں ریاست مدینہ اور نظام مصطفیۖ کا نفاذ کریں گے، انھوں نے کہا حکومتی دعوؤں کے برعکس مہنگائی کے طوفان نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔340 ارب کے نئے ٹیکس عوام سے زندہ رہنے کا حق بھی چھیننے کے مترادف ہے، نظام کی بجائے چہروں کی تبدیلی سے ملک و قوم کی تقدیر نہیں بدل سکتی، قوم بار بار ان سے دھوکا کھانے کی بجائے ملک میں حقیقی تبدیلی کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے B-17میں وائز کالج کی تقریب تقسیم اسناد کی تقریب سے خطاب کر تے ہو ئے کیا ۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم ، ڈائریکٹر وائز کالج حافظ تنویر احمد اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

میاں محمد اسلم نے کہا کہ ا یک دوسرے کو چور، ڈاکو کہنے والے سیاست دان مفادا ت کے لیے شیروشکر ہو رہے ہیں۔ پی ٹی آئی، ن لیگ اور پیپلزپارٹی اقتدار کے لیے سب کو گلے لگانے کے لیے تیار ہے۔ مدینہ کی ریاست کا نام لے کر قوم کو دھوکا دیا گیا۔

ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ قوم سٹیٹس کو اور استعمار کے وفاداروں کا ساتھ مت دے، قوم 75سالوں سے ظالموں کے نر غے میں ہے اب ووٹ کی طاقت سے ان سے حساب لینے کا وقت آگیا ہے ،ظالموں کا ساتھ دینا ظلم میں شریک ہونے کے مترادف ہے

انھوں نے کہا جماعت اسلامی مفادات کی سیاست میں الجھنے کی بجائے ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے جدوجہد کر رہی ہے، قوم جاگیرداروں، وڈیروں اور کرپٹ سرمایہ داروںکا ساتھ دینے کی بجائے جماعت اسلامی کی ہمقدم بنے۔