شہباز شریف کا پارلیمنٹ کے سینیٹ بینکوئٹ ہال میں حزب اختلاف کے اراکین کے اعزاز میں عشائیہ


اسلام آباد(صباح نیوز)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف نے پارلیمنٹ کے سینیٹ بینکوئٹ ہال میں حزب اختلاف کے اراکین کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔

عشائیے میں بلاول بھٹو زرداری، امیر حیدر خان ہوتی، مولانا اسعد محمود سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کے رہنماوں نے شرکت کی۔اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری اور اپوزیشن ارکان کے درمیان ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔

پی پی چیئرمین نے دوران گفتگو کہا کہ پارلیمنٹ میں تمام اپوزیشن جماعتیں شہباز شریف کی قیادت میں متحد ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آج متحدہ اپوزیشن نے ایوان میں حکومت کو شکست دی، حزب اختلاف کا اتحاد ہی حکومت کو شکست دے سکتا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے یہ بھی کہا کہ مشترکا اجلاس میں پیپلز پارٹی متحدہ اپوزیشن کے ساتھ فعال کردار ادا کرے گی۔ان کا کہنا تھاکہ آج عوام کا سب سے بڑا مسئلہ مہنگائی، بیروزگاری اور غربت ہے، پیپلز پارٹی ہر اس جگہ کھڑی ہوگی، جہاں حکومت کی مخالفت ہوگی۔