اسلام آباد، پولی کلینک اسپتال اور سسرال میں داماد کی فائرنگ، بیوی سمیت 4افراد قتل


اسلام آباد(صباح نیوز) اسلام آباد کے پولی کلینک اسپتال کے زچہ بچہ سینٹر اور سسرال میں داماد نے فائرنگ کرکے اپنی نرس بیوی، سسر اور سالے سمیت 4 افراد کوقتل کردیا، محلے دار کے فائر سے ملزم بھی زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق تھانہ آبپارہ کی حدود جی سسکس ون میں علی الصبح ملزم رحیم کی فائرنگ سے اپنی نرس بیوی اور اور پولی کلینک کا ایک ملازم بھی جاں بحق ہو گئے جبکہ ملزم نے گھر جاکر اپنے سسر اور سالے کو بھی فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔

پولیس نے بتایا کہ ایک محلے دار نے ملزم پر بھی فائر کردیا جس سے وہ زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ گھریلو ناچاقی کی وجہ سے پیش آیا اور مرنے والے افراد کی شناخت شعیب عزیز، راحیلہ باؤ، عزیز الرحمان اور نعیم اختر کے نام سے ہوئی۔

ایس ایچ او سلیم رضا کے مطابق فائرنگ کرنے والے دونوں افراد کو آلہ قتل اور اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا گیا اور واقعہ سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔