انتخابی فہرستوں پر نظر ثانی کے لئے الیکشن کمیشن کی گھر گھر ووٹرز کی تصدیقی مہم کا آغاز


اسلام آباد(صباح نیوز) انتخابی فہرستوں پر نظر ثانی کے لئے الیکشن کمیشن کے تصدیقی عملے نے گھر گھر ووٹرز کی تصدیقی مہم  کا آغاز کردیا ہے تاکہ 2023 کے عام انتخابات کے لئے شفاف اور غلطیوں سے پاک انتخابی فہرستیں بروقت تیار کی جا سکیں۔

الیکشن کمیشن کے بیان کے مطابق گھر گھر ووٹروں کی تصدیق کا یہ مرحلہ  6دسمبر  2021  تک جاری رھے گا۔اس کے ساتھ ساتھ خیبر پختونخوا کے 17 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات 19 دسمبر 2021 کو ہی ہوں گے۔ جس کے لئے تمام تیاریاں مکمل ہیں۔ شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی جماعتی اور آزاد حیثیت میں  جمع کرانیکا سلسلہ بڑے جوش و خروش کے ساتھ جاری ہے۔ اور یہ سلسلہ 10 نومبر 2021 تک جاری رہیگا۔ جس کے لئے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اپنے شیڈول میں عوام اور سیاسی جماعتوں کو سہولت دینے اور انتخابی عمل میں تمام طبقات کی زیادہ سے زیادہ شمولیت اور شرکت کو یقینی بنانے کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانیکی تاریخ 10 نومبر تک توسیع کی ہے۔

صوباء الیکشن کمشنر خیبرپختونخوا بذات خود ان اضلاع میں انتخابی امور کی نگرانی کر رہے ہیں ۔ جبکہ ڈویژن کی سطح پر ریجنل الیکشن کمشنرز اور متعلقہ اضلاع کے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز بھی اس حوالہ سے متحرک ہیں۔ اور انتخابی عمل پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ان انتخابات کو کامیابی سے مکمل کرنے کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

  ان اضلاع میں پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، خیبر ، مہمند  مردان صوابی بونیر باجوڑ ، ہری پور  کوہاٹ کرک ہنگو  بنوں لکی مروت ڈی آء خان اور ٹانک شامل ہیں۔اس کے ساتھ ھی الیکشن کمیشن اور متعلقہ انتخابی عملہ لاہور اور خانیوال میں ھونے والے ضمنی انتخابات کی بھرپور تیاریاں میں مصروف عمل ہیں اوران  تمام اہم امور کی الیکشن کمیشن کی جانب سے بھرپور مانیٹر نگ کی جارہی ھے  تاکہ مقررہ شیڈول کے مطابق ووٹر لسٹوں کی تیاری سمیت خیبر پختونخوا کے 19 دسمبر کو ھونے والے پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات اور پنجاب میں دو حلقوں این اے 133  لاہور کے 5  دسمبر اور 206 پی پی خانیوال 16 دسمبر میں ھونے والے ضمنی انتخابات خوش اسلوبی اور شفافیت کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچائے جا سکیں۔اس اھم موقع پر الیکشن کمیشن نے قوم سے اپیل کی ہے کہ درج بالا اھم آئینی امور کی انجام دہی میں اور قومی مفاد کی خاطر الیکشن کمیشن کے عملے سے مکمل تعاون کیا جائے۔