غریب افراد کو ریلیف کے لئے اقدامات کئے ہیں، فرخ حبیب


فیصل آباد(صباح نیوز )اطلاعات و نشریات کے وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہاہے کہ حکومت بے گھر افراد کو گھر بنانے کے لئے قرض دے رہی ہے اور اس سلسلہ میں ابتک 57 ہزار درخواستیں وصول اور 23 ہزار کیلئے 80 ارب کے قرضے منظور اور 19 ارب روپے تقسیم بھی ہوچکے ہیں۔ امپورٹڈ چینی کی ڈپٹی کمشنرز کے ذریعے 90 روپے کلو میں فراہمی بھی یقینی بنائی جارہی ہے اپوزیشن کو چا ہئے کہ وہ شور مچانا اور مایوسی پھیلانا چھوڑ دے۔حکومت کو بڑھتی ہوئی مہنگائی سے پیدا شدہ صورتحال کا احساس ہے اسی لئے حکومت کم آمدنی والے اور غریب افراد کو مہنگائی کی لہر سے بچانے کے لئے بھرپور اقدامات کررہی ہے۔ 1 کروڑ20لاکھ خاندانوں کو احساس راشن کارڈز کی فراہمی کے لئے 120 ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے جس کے تحت انہیں آٹا، دالیں، گھی، چاول، چینی اور دیگر اشیائے ضروریہ عالمی مہنگائی میں کمی تک مارکیٹ سے 30 فیصد سستی ملیں گی۔

  میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر خوردنی تیل اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں2گنا ہوگئیں اور چونکہ ہم یہ اشیا باہر سے درآمد کرتے ہیں اس لئے ہمیں بھی اسی تناسب پر عمل کرنا پڑا۔ بھارت، برطانیہ، امریکہ سمیت بڑی بڑی عالمی طاقتوں کی جی ڈی پی منفی میں چلی گئی مگر ہماری جی ڈی پی 4 فیصد سے بھی زائد پر رہی،ہم نے انڈسٹری بند نہیں ہونے دی، ہم نے ایس او پیز کے تحت کاروبار جاری رکھا اور کووڈ میں بھی گرو کیا۔

اُنہوں نے کہا کہ کورونا کے باوجود ہم نے تاریخ کی سب سے زیادہ برآمدات کیں،ہماری گڈز ایکسپورٹ 25.4 ارب ڈ الر، بیرون ملک سے ترسیلات زر 30 ارب ڈالر، ٹیکسٹائل ایکسپورٹ پچھلے 4 ماہ میں 6 ارب ڈالر سے کراس اور دیگر برآمدات بھی ساڑھے 9 ارب ڈالررہیں،اسی طرح آئی ٹی کی برآمدات میں 42 فیصد اضافہ نوٹ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ سٹاک ایکسچینجز میں بینکنگ سیکٹر، ٹیکسٹائل، پٹرولیم، سیمنٹ، انرجی و دیگر سیکٹرز میں زبردست اضافہ ہوا۔ سٹیٹ بینک پاکستان کی ٹرف سکیم کے تحت مختلف بینکوں کے ذریعے 450 ارب روپیہ فراہم کیا گیا جس سے نئی جدید اور سٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات کی حامل نئی ٹیکنالوجی سے آراستہ مشینری انسٹال کی جارہی ہے جس سے پیداوار میں اضافہ اور مصنوعات کی لاگت میں کمی سمیت ان کے معیار میں جدت آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ اسی طرح لون ڈیفالٹرز کیلئے پالیسی بنائی گئی، انکے قرضے مؤخر کئے گئے اور پے رول منصوبہ کے تحت رقوم فراہم کی گئیں۔انہوں نے کہا کہ اب پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ایس ایم ایز کو بغیرگارنٹی ایک کروڑ روپے تک قرض دیا جارہا ہے جس کے لئے انہیں کوئی چیز گروی رکھوانے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں لارج سکیل مینوفیکچرنگ 12.5 فیصد تک بڑھی ہے اور پاکستانی انڈسٹری کی ترقی کا سفر جاری ہے۔ گاڑیوں، موٹرسائیکلوں کی ریکارڈ سیل ہوئی ہے اور حکومت کے احساس پروگرام کو دنیا کا سب سے بہترین پروگرام قرار دیا گیا ہے۔ پی پی پی نے اپنے دور میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 70 ارب اور مسلم لیگ ن نے 100 ارب روپے رکھے لیکن ہم نے وسائل نہ ہونے کے باوجود احساس کفالت پروگرام کو 250 ارب تک بڑھایا۔ 45 ہزار روپے سے کم آمدن والے گھرانوں کے نوجوانوں کو2 لاکھ سکالر شپ دیئے گئے اسی طرح اخوت کے ذریعے بھی انہیں اربوں روپے کی فراہمی جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پٹرول 40 ڈالر فی بیرل سے 85 ڈالر فی بیرل پر چلا گیا ہے اس لئے اس کی قیمت میں اضافہ ناگزیر تھا لیکن جب عالمی منڈی میں اس کی قیمت کم ہوگی تو ہم بھی قیمت کم کردیں گے۔