دنیا بھر کی طرح پاکستان میں مسیحی برادری نے کرسمس منائی ملک بھر کے گرجا گھروں میں خصوصی پروگرام منعقد ہوئے

اسلام آباد(صباح نیوز)دنیا بھر کی طرح پاکستان میں مسیحی برادری نے بدھ کو کرسمس منائی۔اس تہوار کو منانے کے لئے ملک بھر کے گرجا گھروں میں خصوصی پروگرام منعقد ہوئے۔مسیحی برادری کی رہائشی کالونیوں کو چمچاتی روشنیوں اور قمقموں سے سجایا گیا ہے ۔تمام گرجا گھروں پر چراغاں کیا گیا ہے اور کرسمس ٹریز سجائے گئے ہیں۔حکومت نے اس موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے ہیں۔صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے تمام مذہبی برادریوں کے حقوق کے تحفظ اور ملک میں باہمی احترام اور افہام و تفہیم کے ماحول کو فروغ دینے کے عزم کی تجدید کی ہے۔

کرسمس کے موقع پر اپنے پیغامات میں انہوں نے پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم مسیحی بھائیوں کو دلی مبارکباد پیش کی۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے خوشی کے اس موقع پر پورے ملک میں موجود مسیحی برادری کو کرسمس کی دلی مبارک بادی ۔ اس کے علاوہ جنوبی پنجاب کے متعدد گرجا گھروں میں کرسمس کی تقریبات کا انعقاد کیاگیا ۔مسیحی برادری کے پادریوں اور عوام نے اس موقع پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہاکہ وہ پاکستان میں خود کو محفوظ سمجھتے ہیں اور دیگر مذاہب کے لوگ خوشی اور غم کے موقع پر ان کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔