لاہور(صباح نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جنوبی وزیرستان میں کارروائی کے دوران 13 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ صدر مملکت نے انٹیلیجنس پر مبنی کامیاب آپریشن کے دوران دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا۔ صدر مملکت نے ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔
صدرمملکت نے کہا کہ سکیو رٹی فورسز دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے کے لئے کارروائیاں کر رہی ہیں، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغہ میں 13دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ انسانیت کے دشمنوں کے مذموم عزائم کو اسی طرح خاک میں ملاتے رہیں گے، قوم کو سکیورٹی فورسز کے نڈر نوجوانوں پر فخر ہے، ملک سے دہشتگردی کی مکمل سد باب تک ہماری دہشتگردوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی ۔