اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان کی تخلیق میں قائداعظم کا ابدی کردار سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، قائداعظم جیسے سچے، ایماندار اور دیانتدار لیڈر ہی ملکوں کی تقدیر بدلتے ہیں۔قائداعظم کے یوم پیدائش پر اپنے پیغام میں محسن نقوی نے کہا کہ مسلم دنیا کے مدبر اور عظیم رہنما محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، یہ دن پاکستان کو قائداعظم کے ویژن کے مطابق عظیم ملک بنانے کے عہد کا متقاضی ہے، اتحاد، بھائی چارہ، مذہبی رواداری اور بقائے باہمی آج کے دن کا پیغام ہے۔انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے اقلیتوں کے حقوق اور مذہبی آزادی کی اہمیت پر بہت زور دیا، بانی پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور مذہبی رواداری کے علمبردار تھے، بحیثیت قوم ہمیں اقلیتوں کے حقوق اور مذہبی رواداری کے فروغ کیلئے قائداعظم کے اصولوں پر کاربند رہ کر آگے بڑھنا ہے، ہمیں قومی مفاد میں ذاتی اختلافات کو پس پشت ڈال کر وطن عزیز کا سوچنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے اپنی ولولہ انگیز قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں کے حقوق کیلئے تاریخ کا دھارا بدلا، قائداعظم نے مسلمانوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا اور آزاد مسلم ریاست کے خواب کو عملی تعبیر دی، ان کی انتھک جدوجہد کی بدولت آج ہم آزاد وطن میں سانس لے رہے ہیں اور بانی پاکستان کا یہ احسان تاقیامت نہیں اتار سکتے۔محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کی تخلیق میں قائداعظم کا ابدی کردار سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، قائد اعظم نے تحمل، برداشت، مساوات اور رواداری پر مبنی معاشرے کا خواب دیکھا تھا، ایسے فلاحی معاشرے کیلئے سب کو مل کر اپنی توانائیاں بروئے کار لانا ہوں گی تاکہ قائد کے خواب کو عملی جامہ پہنایا جا سکے۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ بحیثیت قوم ہمیں اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے رہنما اصولوں پر عمل کرنا ہے اور یہی قائداعظم کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ ہے، قائداعظم جیسے سچے، ایماندار اور دیانتدار لیڈر ہی ملکوں کی تقدیر بدلتے ہیں۔