اسلام آباد(صبا ح نیوز) مرکزی صدر پاکستان بزنس فورم خواجہ محبوب الرحمن نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے سال 2025 کے لیے ایک واضح اور قابل عمل روڈ میپ کا اعلان کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ صدر پی بی ایف کی طرف سے لکھے گئے خط میں فورم نے معاشی مشکلات پر سوالات اٹھا دئیے اور کہا کہ سال 2024 بزنس کمیونٹی اور عوام کے لئیے مشکل ترین سال رہا۔
صدر پی بی ایف نے کہا بجلی کے بلوں اور شرح سود نے بزنس کمیونٹی کو جکڑے رکھا۔آئی ایم ایف کے ایک اور پروگرام کے باوجود پاکستانی روپیہ 2024 میں مضبوط ہونے میں ناکام رہا؛ اس وقت پاکستان کاروبار فرینڈلی ملک نہیں رہا؛ سب کو مل کر بیٹھنے کی ضرورت ہے: ضروری ہے کہ حکومت روپے کو مضبوط کرنے کے لیے فوری اور فیصلہ کن اقدامات کرے۔روپے کی مضبوطی کے بغیر شہریوں بالخصوص تاجر برادری پر مالی دبا کو کم کرنے کی کوششیں بے اثر رہیں گی۔ اسی طرح سال 2024 میں زرعی محاذ پربھی کسانوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، بہت سے لوگ اپنی پیداواری لاگت کی وصولی سے قاصر رہے؛ اس دفعہ پنجاب میں گندم کی فصل میں صرف 12 ملین ایکڑ رقبے پرفصل کی کاشت ہوئی جبکہ ہدف 16.5 ملین ایکڑ کا تھ۔پاکستان بزنس فورم سمجھتا ہے کہ ملک کو چارٹر آف اکانومی کی تشکیل کی فوری ضرورت ہے جسے وسیع سیاسی اتفاق رائے اور سول سوسائٹی کی حمایت حاصل ہو تاکہ عوامی اخراجات، ٹیکس کی شرح اور مالیاتی استحکام جیسے مسائل پر وسیع البنیاد سیاسی معاہدے کے ساتھ چارٹر آف اکانومی تیار کیا جانا چاہیے۔
انھوں نے کہا تمام بڑی سیاسی جماعتوں کے مفاد میں ہے کہ وہ اکٹھے ہوں اور قوم کی بہتری کے لیے ان پالیسیوں پر اتفاق رائے پیدا کریں۔ انھوں نے بھارت کی مثال دیتے ہوئے کہا 1989 سے ہندوستان کے اقتصادی سفر پر نظر ڈالیں تو ہم پائیدار اصلاحات اور سیاسی استحکام کے فوائد دیکھ سکتے ہیں۔ ہندوستان نے گزشتہ نو سالوں میں تقریبا 500 بلین ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (FDI) کو اپنی طرف متوجہ کیا ہے جو اس کی آزادی کے بعد سے پوری مدت میں حاصل کی گئی تھی۔ یہ اقتصادی کامیابی کو آگے بڑھانے میں طویل مدتی، مستقل پالیسیوں کی اہمیت کی یاد دہانی کے طور پر کام کرتا ہے۔
پاکستان بزنس فورم وزارت خزانہ سے 2025 کے لیے ایک واضح اور قابل عمل روڈ میپ کا اعلان کرنے کا مطالبہ کرتا ہے جس میں ایک ٹھوس روڈ میپ شامل ہو کہ کیسے ہم درپیش کلیدی چیلنجوں سے نمٹ سکتے ہیں ، بشمول کرنسی کی عدم استحکام، توانائی کے بڑھتے ہوئے اخراجات، اور کاروبار کو متاثر کرنے والی ناکاریاں۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس وقت یہ بہت ضروری ہے کہ نجی شعبے کی ترقی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے، معاشی بحالی کو آگے بڑھانے اور تمام پاکستانیوں کے لیے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے حکومت کی طرف سے ایک جامع حکمت عملی وضع کی جائے۔