اسلام آباد(صباح نیوز)سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل پاکستان لیاقت بلوچ نے جامعة الکوثر اسلام آباد میں کرم و پارہ چنار کے مشران سے ملاقات کی۔ ملاقات میں جامعة الکوثر کے مہتمم علامہ انور شیخ، نائب امیر جماعت اسلامی میاں اسلم، امیر جماعت اسلامی پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم، علامہ شبیر حسین میثمی، امیر جماعت اسلامی راولپنڈی عارف شیرازی، امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا، علامہ ارشاد کاظمی، رشید تنولی، زاہد اخونزادہ، زاہد کاظمی و دیگر شریک تھے۔
لیاقت بلوچ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل کرم و پارہ چنار میں سنی اور شیعہ قائدین کے مشورے سے لائحہ عمل دے گی، کرم میں راستے کھولے جائیں وہاں امن قائم کیا جائے،علاقے میں اشیاء ضروریہ اور ادویات کی شدید کمی سے عوام سخت اذیت میں مبتلا ہیں۔ بعدازاں لیاقت بلوچ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں جاری سیاسی بحران ڈائیلاگ اور سیاسی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ سود کی شرح کم نہیں سودی نظام ختم کیا جائے ۔ سٹاک ایکسچینج معاشی ترقی کا پیمانہ نہیں ہے، بجلی، تیل گیس سستا ہونے سے اقتصادی پہیہ چلے گا، حکومت ہائوسنگ اور کنسٹرکشن سیکشن کو تباہی سے دوچار نہ کرے، ہائوسنگ اور کنسٹرکشن کسادبازاری سے لاکھوں پلاٹ ہولڈرز متاثر ہیں۔