ہم سے مذاکرات سے پہلے خان صاحب سے مذاکرات کی ضرورت ہے، انہیں قائل کریں کہ اب کیا کرنا ہے،سینیٹر عرفان صدیقی

اسلام آباد(صباح نیوز)مسلم لیگ(ن) کے رہنماؤں نے پاکستان تحریک انصاف کو مذاکرات کے لیے سنجیدہ ہونے کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکراتی ٹیم حکومت سے پہلے عمران خان سے مذاکرات کرے۔ مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی نے پارلیمنٹ ہاوس کے باہر صحافیوں سے گفتگو میں پی ٹی آئی کو مشورہ دیا کہ  پہلے آپ خود یکسو ہوجائیں، 7 آدمی پہلے خود مل بیٹھیں کہ ہم کیا چاہتے ہیں، پھر وہ خان صاحب کے پاس چلے جائیں اور ان کو سمجھائیں، ہم سے مذاکرات سے پہلے خان صاحب سے مذاکرات کی ضرورت ہے، انہیں قائل کریں کہ اب کیا کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ  ورنہ ہوگا یہ کہ وہ آئیں گے، بات چیت کریں گے، مصالحت بھی ہوجائے گی، ہم ان کی بات مان جائیں گے، وہ ہماری بات مان جائیں گے، لیکن جب وہ اڈیالہ جائیں گے تو کہا جائے گا تم کون ہو؟۔وفاقی وزیر رانا تنویر نے کہا کہ پی ٹی آئی میں سنجیدگی نظر نہیں آتی اور اس کی وجہ یہ ہے کہ ایک وقت میں بانی پی ٹی آئی سمیت ان کے 6،6 بیانات آتے ہیں، جب ہمیں پتہ چلے گا کہ وہ ثمر آور گفتگو کرنے کے لیے تیار ہیں اور سنجیدہ رابطہ چاہتے ہیں تو ہم مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔