اسلام آباد(صاح نیوز)وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ خان نے پی ٹی آئی کے بانی پر شدید تنقید کرتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ ان کی تقاریر نے ملک میں معاشی افراتفری اور 9 مئی کے فسادات کو جنم دیا تھا۔اپنے ایک انٹرویو میں رانا ثنا اللہ نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کے بانی کی تقاریر میں اشتعال انگیز ریمارکس ہوتے ہیں جس سے ملک میں تشدد اور بدامنی پھیلتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوامی اجتماعات میں ان کی تقاریر پاکستان میں افراتفری اور عدم استحکام کو جاری رکھنے کے حوالہ سے ان کے منفی کردار کا واضح اشارہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بالآخر اس افراتفری کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر تشدد، توڑ پھوڑ اور آتش زنی کی وجہ سے سرکاری اور فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچا یا گیا۔ انہوں نے 9 مئی کو پیش آنے والے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ فوجی عدالتیں 9 مئی کے واقعے سے متعلق ایک ہفتے میں فیصلہ سنائیں گی۔
رانا ثنا اللہ نے 9 مئی کے فسادات کے لیے بانی پی ٹی آئی کو جوابدہ ٹھہرانے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی اس توڑ پھوڑ کے مرتکب پائے گئے تو ان کے خلاف ملٹری ایکٹ کے تحت قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔رانا ثنا اللہ خان نے متنبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کو مبینہ طور پر اپنی تقاریر سے لوگوں کے ذہنوں کو متاثر کرنے اور بدامنی پھیلانے کے لیے قانونی چارہ جوئی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کی حکومت کے اقتصادی اقدامات کو ملک سے ڈیفالٹ کے خطرات کے خاتمہ کا اہم عنصر قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی کوششیں معیشت کو مستحکم کرنے، بیرونی قرضوں کی ذمہ داریوں کو سنبھالنے اور بین الاقوامی شراکت داروں سے اہم منصوبوں کی تکمیل پر مرکوز ہیں۔