چیمپئنز ٹرافی2025 بھارت کا پی سی بی فارمولا تسلیم کرنے سے انکار، آئی سی سی اجلاس پھر ملتوی

دبئی (صباح نیوز) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے معاملے پر بھارت نے پاکستان کرکٹ بورڈ کا پیش کردہ فارمولا ماننے سے انکارکردیا۔ڈیڈلاک تاحال برقرار ہے جبکہ جمعرات کو دبئی میں ہونے والی آئی سی سی بورڈمیٹنگ بھی ملتوی کردی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چیمپئنزٹرافی کے مستقبل سے متعلق آئی سی سی ہیڈ کوارٹرز میں اہم بیٹھک ہوئی جس میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی شریک ہوئے تھے۔

آئی سی سی نے پاکستان اور بھارت کو معاملات سلجھانے کے لیے مزید دو روز کا وقت دے دیا، اب آئی سی سی اجلاس 7 دسمبر کو ہونے کا امکان ہے۔ ڈیڈ لاک برقرار رہا تو فیصلہ ووٹنگ کے ذریعے بھی کیا جاسکتا ہے۔ پاکستان نے اپنے موقف سے ایک انچ بھی پیچھے ہٹنے سے انکار کردیا اور دو طرفہ ہائبرڈ ماڈل پر اصرار برقرار رکھا جس کی وجہ سے میٹنگ نہ ہوسکی۔ دوسری جانب آئی سی سی براڈ کاسٹرز کی دبئی میں کانفرنس ہوئی جس کے بعد کرکٹ کی عالمی باڈی پر مزید دباؤ بڑھ گیا۔

براڈ کاسٹرز آئی سی سی سے آفیشل شیڈول جاری کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں جب کہ آئی سی سی معاملات تاحال سلجھانے سے قاصر ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ آئی سی سی کو چیمپینز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان قانونی طور پر 21نومبر سے پہلے کرنا تھا، 20 نومبر کو نجی ٹی وی نے رپورٹ کیا تھا کہ آئی سی سی کے لیے چیمپئنز ٹرافی 2025 ء کے حوالے سے پاک،بھارت تنازع درد سر بن گیا ہے اور آئی سی سی کا ہنگامی اجلاس بلائے جانے کا امکان ہے۔ آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 1996 ء اور 2008 ء کے ایشیا کپ کے بعد پاکستان کو ایک عرصے بعد پہلی بار چیمپئنز ٹرافی 2025 کی صورت میں آئی سی سی کے کسی بڑے ایونٹ کی میزبانی ملی ہے، جس کے تمام میچز اگلے سال 19 فروری سے 19 مارچ تک پاکستان کے تین بڑے شہروں کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ نے اپنی حکومت کی جانب سے دورہ پاکستان کی اجازت نہ ملنے پر پاکستان آمد سے انکار کرتے ہوئے اپنے میچز نیوٹرل وینیو پر منتقل کرنے کی تجویز پیش کرچکا ہے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نیوٹرل وینیو پر کھیلنے سے انکاری اور بھارت کے بغیر ٹورنامنٹ کرانے پر مضرہے۔ دوسری جانب بھارتی میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہونے کا قوی امکان ہے جبکہ پاکستان نے ہائبرڈ ماڈل کے بجائے چیمپئنز ٹرافی ٹونیشن فارمولا دیا۔ بھارتی کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق پاکستان نے نیوٹرل وینیو پر بھارت سے 3 ملکی سیریز کھیلنے کی شرط بھی عائد کی، بھارت سہہ فریقی سیریز کرانے کا مطالبہ منظور نہیں کرے گا۔

بھارتی کرکٹ ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ بھارت کے تین لیگ میچز ایک سیمی فائنل اور فائنل میچ یو اے ای میں ہونے کا امکان ہے۔  پاکستان کرکٹ بورڈ نے ماڈل تسلیم کرنے کے لیے 4 سے 5 شرائط رکھی ہیں لیکن پاکستان کی شرائط منظور کیے جانے کا امکان نہیں ہے۔

ویب سائٹ کا دعویٰ ہے کہ براڈ کاسٹرز کو ان شرائط سے اتفاق نہیں، وہ بھی پی سی بی کی شرائط کی مخالفت کریں گے۔آج کی میٹنگ میں ہائبرڈ ماڈل چیمپئنز ٹرافی کرانے کی منظوری دی جائے گی۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ ویب سائٹ کی خبرمیں کوئی صداقت نہیں ہے۔