وزیراعظم کی پاکستانی برآمدات بڑھانے کے لیے نیشنل ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ بورڈ کا اجلاس اگلے ہفتے بلانے کی ہدایت

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستانی برآمدات بڑھانے کے لیے نیشنل ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ بورڈ کا اجلاس اگلے ہفتے بلانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی برآمدات بڑھانے کے لیے پاکستان میں موجود خصوصی اقتصادی زونز کو فعال کیا جائے گا،جاری تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وزارت تجارت کی کارکردگی کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا ، وزیراعظم نے اپنی جاری کردہ ہدایات پر اکثر کی تعمیل کے لیے وزارت تجارت کی کارکردگی کو سراہا،

اس دوران وزیراعظم نے بلوچستان کے سرحدی اضلاع کے لیے روزگار کے پائیدار مواقع پیدا کرنے کے لیے فوری اقدامات لینے کی ہدایت کی انہوں نے ملائیشیا کو پاکستانی چاول کی برآمدات مزید بڑھانے کے لیے اقدامات لینے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ داتو سری انور ابراہیم کے پاکستان کے حالیہ دورے میں پاکستان سے ملائیشیا چاول کی برآمدات بڑھانے پر اتفاق ہوا تھا، وزیراعظم نے کہاکہ ملکی برآمدات بڑھانے کے لیے پاکستان میں موجود خصوصی اقتصادی زونز کو فعال کیا جائے گا اور ان میں ہوٹل، ہسپتال، بزنس سکول اور دیگر سروسز فراہم کی جائیں، وزیراعظم نے گندم، کپاس، کماد، چاول، خوردنی تیل اور دیگر بڑی فصلوں کی پیداوار بڑھانے کے لیے کابینہ کی خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت  کی ،کابینہ کمیٹی بڑی فصلوں کی پیداوار بڑھانے کے لیے ماہرین کی آرا پر مبنی سفارشات پیش کرے گی ،

اجلاس میں وزیراعظم کو زرعی برآمدات میں اضافے کے لیے اقدامات کے حوالے سے آگاہ کیا گیا،بریفنگ میں کہا گیاکہ روس کے ساتھ بارٹر ٹریڈ کے تحت زرعی اجناس کی تجارت کے لیے دو مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو چکے ہیں جبکہ تاجک حکومت نے پاکستان کے ساتھ ٹیکسٹائل کے شعبے میں تعاون میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے، اجلاس میں وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسن افضل اور متعلقہ اداروں کے افسران شریک تھے۔