اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کے بعد بے گھر افراد کی واپسی جاری

بیروت (صباح نیوز)اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کے بعد بے گھر ہونے والے لاکھوں لبنانی شہریوں کی اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں تباہ ہونے والے اپنے قصبوں اور دیہات کو واپسی جاری ہے ۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جنگ بندی معاہدے کی شرائط کے تحت لبنانی فوج نے ملک کے جنوب میں اپنی موجودگی کو مضبوط کرنا شروع کر دیا ہے ۔

حزب اللہ کے رہنما حسن فضل اللہ نے بتایا کہ ان کا گروپ ملک کے جنوب میں لبنانی فوج کی تعیناتی میں تعاون کر رہا ہے۔ بڑی تعداد میں لوگوں کی جنوبی لبنان کو واپسی کے لئے بیروت سے جنوب کی طرف جانے والی سڑک پر صبح سے ہی ٹریفک جام ہو گئی ۔جنوبی قصبے نباتیہ میں اپنے گھر واپس آنے والے علیٰ مزارانی نے کہا کہ اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں ان کے لئے اپنے علاقے کو پہچاننا بھی مشکل ہو رہا ہے، اس قصبے سے ان کی تمام یادیں مٹ چکی ہیں ۔اقوام متحدہ کے مطابق اسرائیلی حملوں کے باعث حالیہ ہفتوں میں لبنان میں 9 لاکھ سے زیادہ لوگ بے گھر ہو گئے تھے۔