پی ٹی آئی احتجاج، حکومت نے انسانی جانیں بچانے کیلئے اقدامات کیے، خورشید شاہ


سکھر (صباح نیوز) مرکزی رہنما پاکستان پیپلزپارٹی خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران حکومت نے انسانی جانیں بچانے کیلئے اقدامات کیے۔سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ہم جمہوریت چلانے کی کوشش کرتے ہیں جو جاری رہے گی، پی ٹی آئی نے اعلان کیا کہ ہم مر کے مار کے مطالبات منواکے آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ اگر کسی کا کوئی جانی نقصان ہوجائے تو آپ سب ہی الزام لگاتے ہیں کہ حکومت نے اقدامات نہیں کی، حکومت نے احتجاج کے دوران اقدامات انسانیت کو بچانے کیلئے کئے ، اقتدار بچانے کیلئے نہیں۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ہمارا دوست ملک سعودیہ جو برے وقت میں ہمارے ساتھ آیا، بانی پی ٹی آئی نے جن کی ڈرائیونگ کی،انہوں نے اپنا جہاز بھی دیا، اب ان کے بارے کیا کہہ رہے ہیں۔انہوں نے بشری بی بی کی ویڈیو بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ بیان سے نقصان پاکستان کو ہورہا ہے، کسی واحد انسان کو نہیں، ایک وزیر اعلی اپنے صوبے کے لوگوں کو بچانے کے بجائے دوسرے صوبے پر چڑھائی کر رہا ہے۔