لاہور(صباح نیوز)وزیر اطلاعات و نشریات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ آج تحریک فساد کا دوسرا دن تھاصبحِ بھی پولیس والوں کی گاڑیاں جلائی گئیں اب تک پولیس کے 70اہلکار شدید زخمی ہیں، مظاہرے میں پولیس کانسٹیبل مبشر شہید ہوا ہے،اٹک میں پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا ، کٹی پہاڑی کے قریب کانسٹیبل واجد کو گردن میں گولی لگی، 45اہلکاروں کی حالت تشویشناک ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی جی پی آر میں پریس کانفر نس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
عظمی بخاری نے کہا کہ بشری بی بی پٹھانوں کو اکسارہی ہیں بانی پی ٹی آئی کے اپنے بچے باہر ہیں اور عوام کے بچے مروا رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے بچے احتجاج کیلئے باہر کیوں نہیں آئے؟ تحریک انصاف نو مئی پارٹ ٹو چاہتی ہے ، یہ لاشوں کی سیاست کررہے ہیں۔احتجاج کے دوران علی امین گنڈا پور غائب ہوچکے ہیں جبکہ بشری بی بی سلطانہ ڈاکو والا کردار ادا کررہی ہیں۔ بشری بی بی احتجاج کو اسلامی ٹچ دے رہی ہیں وہ کون سی شریعت چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے کسی ایک بندے کو خراش بھی آ جائے تو شور مچاتے ہیں جو پولیس اہلکار مر رہے ہیں کیا وہ پاکستا نی عوام نہیں ہیں جو لوگ شہید ہو رہے یا زخمی ہو رہے ہیں ان کے ذمہ دار کون ہوں گے ، بشری بی بی سلطانہ ڈاکو کو سیاست میں خوش آمدید کہتی ہوں مذہب کارڈ گھریلو کارڈ نہ کھیلیں باقاعدہ کنٹینر سے خطاب کرتی دکھائی دیں،انہوں نے کہا کہ بشر ی بی بی باقاعدہ ڈنڈا برداروں کو لیڈ کر رہی ہیں،گنڈا پور نے باقاعدہ 1500 پولیس اہلکار سفید کپڑوں میں مانگے ہیں ،میرا نہیں خیال کے خیبر پختونخوا کے نو جوان پرتشدد ہو سکتے یا کسی کو مار سکتے ہیں یہ کام صرف طالبان اور تحریک انصاف والے کر سکتے ہیں،
گنڈا پور سستے سلطان راہی بنے ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ بیلا روس کے صدر آ رہے ہیں تویہ تباہی پر لگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور سے شاہدرہ اور بتی چوک سے بھی داخلی راستے کھول دئیے گئے ہیں اور لاہور سے باہر جانے والوں کو بھی سیکورٹی چیک کے بعد باہر جانے دیا جا رہا ہے ،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ریاست کمزور نہیں ہوتی انکا ایجنڈا ہے کہ ریاست بھی گولیاں چلائے ہم ذمہ دار ریاست ہیں ان کا پلان معلوم ہے، ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بنوں سے ایم این اے کہہ رہا ہے پولیس والا مار دیا ہے اگر یہی حالات رہے تو بانی پی ٹی آئی کے ہوتے ملک کا بھلا نہیں ہو سکتا۔