انتقامی وانتشار کی یاست نے ملک وقوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، پرامن احتجاج ہر پارٹی کا بنیادی آئینی حق ہے،محمد یوسف


کراچی(صبا ح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری محمد یوسف نے کہا ہے کہ انتقامی وانتشار کی یاست نے ملک وقوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، پرامن احتجاج ہر پارٹی کا بنیادی آئینی حق ہے،سندھ حکومت کی سرپرستی میں کراچی میئر کے انتخابات سے لیکر حالیہ ضمنی الیکشن میں دھونس دھاندلی اور نتائج کی تبدیلی سے عوام کا ووٹ اور جمہوری نظام سے اعتماد ختم کرنے کی سازش ہے، جماعت اسلامی حکومت کے ہر غیرآئینی قدم کیخلاف اور عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد کرتی رہے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر پریس کلب کے صدر ظہیر خان لودھی کی قیادت میں قباء آڈیٹوریم میں ملاقات کرنے والے صحافیوں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی اس موقع پر موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اداروں کی اونے پونے نجکاری سے لیکر اسٹیبلشمنٹ کی آشیرواد تک جو کام عمران خان کے دور میں غلط تھا وہ موجود ہ حکومت کے دورمیں کیسے درست ہوسکتا ہے، حکمرانوں کی مفاد پرستانہ پالیسیوں اور حوس اقتدار سے مشرقی پاکستان ہم سے الگ ہوگیا اور اب باقی ماندہ پاکستان کو توڑنے اور نظریاتی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے کیلئے سازش کی جارہی ہیں،26ویں آئینی ترمیم بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سندھ سے نکلنے والی گیس پر پہلا حق سندھ کے عوام کا ہونا چاہیے مگر بدقسمتی سے اسی گیس سے دوسرے صوبے میں کارخانے چل رہے ہیں اور یہاں گھروں کے چولہے بھی ٹھنڈے پڑے ہیں۔سندھ کو بنجر بنانے کیلئے 06کینال نکالنا غیرآئینی قدم ہے سندھ کے عوام کا اس پر احتجاج درست ہے جماعت اسلامی بھی دریا بچائو کمیٹی کاحصہ ہے۔ جمہوریت پر شب خون،لوگوں کو اپنے جائز حقوق سے محروم کرکے طاقت کی بنیاد پر اپنی من مانیاں کرنے کی وجہ سے نفرتیں اور محرومیاں جنم لیتی ہیں۔ دریائے سندھ کے پانی پر ڈاکے کے معاملے پر سندھ کی حکمران جماعت بھی برابر کی شریک ہے عوامی مزاحمت سے بچنے کیلئے بیان اور سندھ اسمبلی میں قرارداد منظور کروائی گئی حالانکہ ان کے کو چیئرمین صدر زرداری ارسا ایکٹ ترمیم پر دستخط کرچکے ہیں۔ جماعت اسلامی سندھ کے پانی سمیت ان کے حقوق اور عوام کے فلاح وبہبود کیلئے سندھ کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔