پشاور(صباح نیوز )پاکستان تحریک انصاف کے 24 نومبرکے احتجاج کی کال کے حوالے سے ملک بھر میں تیاریاں جاری ہیں ، احتجاج کے سلسلے میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی نے پارٹی قیادت کو اہم ہدایات جاری کردیں ۔وزیراعلی ہائوس پشاور میں پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں جنوبی اضلاع کے ارکان اسمبلی اور عہدیداروں نے شرکت کی اور اجلاس سے عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی نے بھی خطاب کیا۔
بشری بی بی نے کہا ہے کہ تمام اراکین اسمبلی اپنے ساتھ 5 ،5ہزار افراد لے کر آئیں گے، کارکنان کی گاڑیوں اور خوراک کا انتظام اراکین پارلیمنٹ کریں گے۔بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ نے مزید کہا کہ اراکین پارلیمنٹ قافلے میں موجود تمام گاڑیوں کی ویڈیو بنائیں گے، ویڈیو بنانے کی ذمہ داری بھی اراکین پارلیمنٹ کی ہو گی۔بشری بی بی نے اپنے کارکنان کو پیغام دیا ہے کہ جو رکن اسمبلی یا عہدیدار 24 نومبر کو احتجاج کے موقع پر غائب ہوگا اس کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہوگا۔بشری بی بی نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان کا پیغام ہے 24 نومبر کو آئین قانون اور پارلیمنٹ کی بالادستی کے لیے نکلنا ہے۔
انہوں نے پارٹی عہدیداروں کو پیغام دیا کہ 24 نومبر کو جو رکن اسمبلی اورعہدیدار غائب ہوا اس کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں ہوگا۔دریں اثنا بشری بی بی سے آئی ایس ایف اور یوتھ لیڈرز نے گزشتہ روزتفصیلی ملاقات کی ہے ، ملاقات کے دوران بشری بی بی نے انہیں بانی پی ٹی آئی کا پیغام پہنچایا۔بشری بی بی نے کہا کہ بانی کی نوجوانوں سے بہت توقعات ہیں ، پی ٹی آئی کے 24 نومبرکے احتجاج کے حوالے سے نوجوانوں کو متحرک کیا جائے۔بعد ازاں بشری بی بی نے پاکستان تحریک انصاف کے عہدیداروں سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں، انہوں نے عہدیداران کو احتجاج کے حوالے سے ضروری ہدایات دیں۔