غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم افغان مہاجرین کی واپسی کے لیے جامع پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے، محسن نقوی


اسلام آباد(صباح نیوز )وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے نیدرلینڈ کی سفیر ہینی ڈی وریس نے اتوار کو ملاقات کی۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستان اور نیدرلینڈ کے درمیان کرکٹ کو فروغ دینے پر بھی بات چیت کی گئی ۔پاکستان اور نیدرلینڈ کے درمیان اگلے برس کرکٹ سیریز کرانے پر اتفاق ہوا۔نیدرلینڈ کا کرکٹ کے فروغ کیلئے پی سی بی سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے پر اتفاق کیاگیا سفیر نیدرلینڈ نے بتایا کہ نیدرلینڈ کی کرکٹ ٹیم اگلے برس پاکستان کا دورہ کرے گی اور اے ٹیم کے ساتھ میچ کھیلے گی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بتایا کہ دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لئے پائیدار بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے،نیدرلینڈ میں کرکٹ کے فروغ کیلئے پورا سپورٹ کریں گے۔ محسن نقوی نے کہاکہ پاکستان نے کئی دہائیوں تک افغان مہاجرین کو اپنے پاس ٹھہرایا ہے،غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم افغان مہاجرین کی واپسی کے لیے جامع پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔