پاکستان کی ترقی کا واحد راستہ تعلیم ہے ، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی


اسلام آباد(صباح نیوز )وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت  ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہاہے کہ پاکستان کی ترقی کا واحد راستہ تعلیم ہے، تعلیم نہ صرف وقت کی ضرورت بلکہ ہمارے دین کا پہلا حکم بھی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو کراچی میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سندھ چیپٹر کے کانوووکیشن سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر  ڈاکٹر ناصر محمودنے ایم ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی کے طلبہ میں ڈگریاں تقسیم کی جن میں ا چھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو گولڈ میڈلز سے بھی نوازا گیا۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ گریجویٹ طلبہ میں زیادہ تعداد طالبات کی تھیں۔

وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ اس تیز رفتار دنیا نے سب کچھ بدل کررکھ دیا ہے اگر کوئی نہیں بدلہ تو وہ جس نے خود کو بدلنے کا ارادہ بھی نہ کیا ہو اور جو خود کو بدلنے کی کوشش نہیں کرتا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا 65فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے، تقریبا18کروڑ نوجوانوں کی طاقت اس پاکستان کے ساتھ ہے،یہ نوجوان ہمارے لئے ایک موقع بھی ہے اور ایک چیلنج بھی۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ خود کو ڈیجٹل دنیا اور مصنوعی ذہانت سے روشناس کرائیں، زمانے کی رفتار سے قدم ملا کرچلیں تاکہ ملک کی ترقی میں کردار ادا کرسکے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئیعلامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ صوبہ سندھ میں یونیورسٹی کے 10علاقائی کیمپسز ہیں جن میں تقریبا44ہزار طلبہ زیر تعلیم ہیں۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی سے آج تک کم و بیش 50لاکھ طلبہ گریجویٹ ہوچکے ہیں، ہم بڑے یقین سے کہتے ہیں کہ پاکستان کا کوئی گھر ایسا نہیں جس میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا طالب علم یا گریجویٹ نہ ہو۔

ڈاکٹر ناصر کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا تعلیمی دائرہ اب پاکستان تک محدود نہیں ہے بلکہ دنیا کے 36ملکوں سے انٹرنیشنل طلبہ پاکستان کی اس بڑی جامعہ سے تعلیم حاصل رہے ہیں۔ڈاکٹر ناصر محمود نے گریجویٹ ہونے والے طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ یونیورسٹی آپ کی ہے اور آپ ہمارا فخر ہیں، آئیے اس ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔