تل ابیب (صباح نیوز) اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نتن یاہو کی رہائش گاہ پر ایک اور حملہ ہوا ہے ۔ اسرائیلی پولیس ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یاہو کی رہائش گاہ پر دو فلیش بم پھینکے گئے جو ان کے باغ میں جا گرے۔جب وہاں دو فلیش بم پھینکے گئے تو اس وقت نتن یاہو اور ان کا خاندان گھر پر موجود نہیں تھے اور اس واقعے سے کوئی نقصان نہیں ہوا ہے۔
اسرائیلی وزیر دفاع نے اتوار کو اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ تمام سرخ لکیریں عبور کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے وزیر اعظم کو ایران کی طرف سے دھمکیوں کا سامنا ہے اور وہ انھیں قتل کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔ یہ ممکن نہیں کہ ملک کے اندر سے بھی انھیں ایسی ہی دھمکیاں دی جائیں۔اسرائیل کے صدر اسحاق ہرتزوگ نے ایکس پر واقعے کی مذمت کی اور کہا کہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ اکتوبر کے دوران قیصریہ میں نتن یاہو کے گھر کی طرف ایک ڈرون داغا گیا تھا تاہم اس واقعے میں کوئی نقصان نہیں ہوا تھا۔اسرائیلی فوج کے مطابق حزب اللہ نے ہفتے کو اسرائیل کے تیسرے بڑے شہر حیفا کے گردونواح میں متعدد اسرائیلی فوجی اڈوں پر 80 کے آس پاس گائیڈڈ میزائل داغے، جن میں سے ایک نے لبنان سے تقریبا پانچ کلومیٹر دور سرحدی گاں شاما کے قریب ایک اسرائیلی ٹینک کو تباہ کر دیا۔ حزب اللہ نے پانچ اسرائیلی فوجی تنصیبات، بشمول سٹیلا مارس نیول بیس، کو نشانہ بنانے کی ذمہ داری قبول کی۔ گروپ نے مزید کہا کہ دن بھر گائیڈڈ میزائل اور توپ خانے کے گولے اسرائیلی چوکیوں پر فائر کیے گئے۔