لاہور(صباح نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت معاشرے میں بگاڑ پیدا کیا گیا ، کوئی سیاسی لیڈر یا سیاسی جماعت پاکستان سے بڑی نہیں، کچھ چیزیں سیاست اور سیاسی معاملات سے بالاتر ہونی چاہئیں، ہم نے تمام سیاسی جماعتوں کیساتھ فراغ دلی کا مظاہرہ کیا۔شاعر مشرق کے یوم ولادت پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے لاہور میں مزار اقبال پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔مزار قائد پر حاضری کے بعد لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ نفرت اور انتشار پیدا کر کے بھائی کو بھائی سے لڑایا گیا، سوچے سمجھے منصوبے کے تحت معاشرے میں بگاڑ پیدا کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ اچھا تعلق رکھنے کے خواہاں رہے ہیں، افکار اقبال پر عمل کرنے کی ضرورت ہے، کلام اقبال مسلم امہ کو متحد کرنے کا ایک ذریعہ ہے، اقبال کے افکار نے برصغیر کے مسلمانوں میں آزادی کا جذبہ بیدار کیا، ترسیلات زر میں اضافہ ہوا ہے، افسوس کی بات ہے کہ خیبرپختونخوا میں کوئی کام نہیں ہورہا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست سے ریاست کے معاملات خارجہ پالیسی کاحصہ ہوتے ہیں، ملک میں سرمایہ کاری میں اضافہ اور مہنگائی میں کمی آرہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوئی سیاسی لیڈر یاسیاسی جماعت پاکستان سے آگے نہیں، مسئلہ کشمیراور فلسطین کو سیاست سے بالاترہونا چاہیے۔کوئٹہ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشتگردی ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں اور ہرقدم اٹھائیں گے، دہشتگردی میں ملوث کئی سہولت کار پکڑے گئے ہیں۔