دوسرا ون ڈے،پاکستان نے آسٹریلیا کو 9 وکٹوں سے ہرا دیا، 3 میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر

 ایڈیلیڈ(صباح نیوز)  تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 9 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز ایک ایک سے برابر کر دی۔ دوسرے ون ڈے میں ہدف کے تعاقب میں اننگز کے آغاز سے ہی پاکستان نے پراعتماد بلے بازی کی اور 26.3 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 164 رنز کا ہدف حاصل کر لیا۔

دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو شکست دیکر سیریز 1-1 سے برابر کردی جبکہ قومی ٹیم ایڈیلیڈ کے تاریخی گرائونڈ میں 28 سال بعد ون ڈے میچ بھی جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے۔دونوں ٹیمیں 8 مرتبہ اس گرائونڈ میں مدمقابل آئیں تھی جہاں کینگروز نے 7 مرتبہ جیت حاصل کی تھی۔ ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے میچ میں ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز عبداللہ شفیق اور صائم ایوب نے کیا، صائم ایوب 82 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آئوٹ ہوئے، ان کی باری میں 6 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔عبداللہ شفیق 64 رنز کی ناقابل شکست  اننگز کھیل کر نائوٹ آئوٹ رہے ان کی باری میں 4 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے جبکہ سابق کپتان بابر اعظم نے چھکا لگا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا اور وہ 15 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے واحد وکٹ لیگ سپنر ایڈم زمپا نے حاصل کی، کپتان پیٹ کمنز، مچل سٹارک اور جوش ہیزل ووڈ جیسے سینئر فاسٹ بالر وکٹ کیلئے ترستے ہی رہ گئے۔ آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز جیک فریزر اور میتھیو شارٹ نے کیا لیکن دونوں کھلاڑیوں کو شاہین شاہ آفریدی نے آغاز میں ہی پویلین لوٹا دیا، جیک فریزر 13 رنز بنا کر کیچ آئوٹ ہوئے جبکہ میتھیو شارٹ کو شاہین نے ایل بی ڈبلیو کیا۔آسٹریلیا کے تیسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی جوش انگلس تھے جو 18 رنز بنا کر حارث رئوف کا شکار بنے، مارنس لبوشین کو بھی حارث نے ہی پویلین کی راہ دکھائی۔محمد حسنین نے آسٹریلیا کے سیٹ بیٹر سٹیو سمتھ کو 35 رنز پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آئوٹ کرایا جبکہ سٹار بیٹر گلین میکسویل ایک بار پھر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 16 رنز بنا کر حارث رئوف کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔آل رائونڈر ایرون ہارڈی کو حارث رئوف نے 13 کے انفرادی سکور پر رضوان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ کرایا جبکہ فاسٹ بالر مچل سٹارک صرف ایک رن بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر رضوان کو کیچ تھما بیٹھے تاہم آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز حارث رئوف کا پانچواں شکار بنے، آسٹریلیا کی آخری وکٹ ایڈم زمپا کی گری وہ 18 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

پاکستان کی جانب سے حارث رئوف نے 5، شاہین آفریدی نے 3، محمد حسنین اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔دوسرے ون ڈے میچ میں قومی کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بائولنگ کا فیصلہ کیا۔یاد رہے کہ  ایڈیلیڈ میں پاکستان نے 28 سال قبل 1996 واحد جیت حاصل کی تھی اس وقت قومی ٹیم کی قیادت کے فرائض وسیم اکرم کے سپرد تھے اور اس میچ میں ثقلین مشتاق نے 5 وکٹیں لے کر جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔