اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی صورتحال بہتر ہورہی ہے، خسارے میں کمی آرہی ہے مثبت اشاریے حکومت کی موثر پالیسیوں کے ثمرات ہیں ، ہم صحیح سمت میں جا رہے ہیں، طویل سفر باقی ہے، معاشی بہتری کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانے کے لیے اقدامات جاری ہیں
۔کراچی میں دی فیوچر سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ 6 ماہ میں انٹرنیشنل سطح کے ساتھ مقامی سطح پر کریڈٹ ریٹنگ پر بھی قیمتیں کم ہوئیں، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بھی کم ہوئی ہیں، مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہوکر سنگل ڈیجٹ پر ہے، شرح سود 17.5 سے کم ہوکر 15 فیصد پر آگئی ۔وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ ملک میں اصلاحات کے اثرات نظر آرہے ہیں، حکومتی سطح پر اداروں میں اصلاحات کی ضرورت ہے، ملک میں معیشت کی بہتری کے لیے اقدامات کئے جارہے ہیں، یہ تمام مثبت اشاریے حکومت کی موثر پالیسیوں کے ثمرات ہیں، معاشی بہتری کے ثمرات کی عام آدمی تک منتقلی یقینی بنائی جا رہی ہے
۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ مانیٹری پالیسی کمیٹی نے شرح سود میں 2.5 فیصد کمی کی ہے، مالی سال کے اہداف کے حوالے سے چیزیں بہت بہتر ہورہی ہے، کراچی انٹربینک آفر ریٹ اس وقت 13 فیصد تک آگیا، فوڈ انفلیشن میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔ انہوںنے کہا کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کچھ فیصلے لئے ہیں، غیرملکی مہمانوں کے لئے ویزا سہولت آن لائن کررہے ہیں، پاکستان میں میکرواکنامک استحکام دیکھا جارہا ہے، پاکستان کے دہرے خسارے میں بہتری آرہی ہے، ملک کا مالیاتی خسارہ اور کرنٹ اکائونٹ بہتر حالت میں ہے، ملکی کرنسی کی قدر میں استحکام ہے، زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری اور مہنگائی میں کمی ہوئی ، پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بہتر آئی ہے
۔کریڈٹ ریٹنگ کے مطابق رواں مالی سال کریڈٹ ریٹنگ میں مز ید بہتری آئے گی، نجی شعبے کا اصل بنچ مارک کراچی انٹربینک آف ریٹ ہے، بینکس اب کم لاگت پر نجی شعبے کو قرض فراہم کرسکتے ہیں، ملک میں فوڈ انفلیشن بھی کم ہورہا ہے ، جہاں پر کوئی مسئلہ یا رکاوٹ ہو اس پر سخت فیصلہ کرتے ہیں۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی میں چکن اور دالوں کی قیمت کا جائزہ لیا ہے۔ عالمی منڈی میں تیل قیمتوں میں کمی ہوئی ہے۔ ایندھن سستا ہوا ہے۔ ٹرانسپورٹ لاگت کم ہوئی ہے۔ تو پھردالوں کی قیمت میں 60 فیصد اور چکن کی قیمت میں 15 فیصد اضافہ کیوں ہوا ہے۔