اسرائیلی فوج کے مسلسل 44 ویں روز بھی لبنان پر حملے جاری

 بیروت(صباح نیوز) اسرائیلی فوج نے مسلسل 44ویں روز بھی لبنان پر حملے جاری رکھے ۔ آٹھ اکتوبر 2024 کو لبنان کے خلاف اسرائیلی فوجی جارحیت کے آغاز سے اب تک لبنانی شہدا  کی  کل تعداد تقریبا 3,002 ہوگئی ہے جب کہ 13,492 زخمی ہوئے ہیں۔ لبنانی وزارت صحت نے اعلان کیا کہ گذشتہ لبنانی قصبوں پر اسرائیلی حملوں میں 16 لبنانی شہید اور 90 دیگر زخمی ہوئے۔

دوسری جانب حزب اللہ کے مجاھدین بھی قابض دشمن کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے دشمن کی زمینی جارحیت کا مقابلہ کررہے ہیں۔۔لبنان کے جنوب میں البازوریہ قصبے میں اسلامک ہیلتھ اتھارٹی کے ہیڈ کوارٹر پر قابض فوج کی بمباری سے تین شہری شہید ہوگئے۔فوجی طیاروں نے مغربی بقاع کے قصبے سوہمور میں ایک مکان پر حملہ کر کے اسے مکمل طور پر تباہ کر دیا۔تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔قابض طیاروں نے ضلع نبطیہ کے قصبوں انصار اور عبا کے درمیانی علاقے پر بمباری کی، جب کہ توپ خانے سے برج الملوک اور خیام قصبے کے مضافات میں کئی گولے برسائے۔