ضلعی انتظامیہ نے بلدیہ پنڈی گھیب کی حدود میں واقع ماحول دوست طریقے پر نہ چلنے والے چھ بھٹہ خشت کو مسمار کر دیا

پنڈی گھیب(صباح نیوز) پنجاب کے باقی اضلاع کی طرح ضلع اٹک میں بھی سموگ کی روک تھام کے لیے کاروائیاں تیز کر دی گئیں۔ ضلعی انتظامیہ نے بلدیہ پنڈی گھیب کی حدود میں واقع ماحول دوست طریقے پر نہ چلنے والے چھ عدد بھٹہ خشت کو مسمار کر دیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات و تعلقات عامہ کے آفس سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات شاہ زیرہ مریم کا کہنا تھا کہ ان بھٹہ جات کو لاہور ہائی کورٹ کے احکامات کی تعمیل میں گرایا گیا۔

عدالت عالیہ کے حکم کے مطابق اگر کسی بھٹے سے سیاہ دھوئیں کا اخراج پایا گیا یا وہ ماحول دوست زگ زیگ ٹیکنالوجی کے علاوہ کسی اور ٹیکنالوجی پر کام کرتے ہوئے پایا گیا تو اسے بغیر کسی نوٹس کے گرا دیا جائے۔ مذکورہ بھٹہ جات ان احکامات کی تعمیل سے قاصر تھے اور اپنے سیاہ دھوئیں کے سبب اہلیان علاقہ کے لیے تشویش اور بیماریوں کا سبب تھے۔ گرانے سے قبل ان بھٹہ جات کو  جرمانہ بھی کیا گیا تھا اور بار بار متنبہ کیا گیا تھا کہ وہ صرف اور صرف ماحول دوست زگ زیگ ٹیکنالوجی پر اپنا بھٹہ منتقل کریں۔