اسرائیل برباد ہوکر رہے گا، بیت المقدس ضرور آزاد ہوگا اور مسلمان قبلہ اول میں نماز ادا کریں گے حافظ نعیم الرحمٰن

کراچی(صباح نیوز) غزہ پر اسرائیلی جارحیت و دہشت گردی کے ایک سال مکمل ہونے ،لبنان پر حملے کے خلاف ، اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے جماعت اسلامی اتوار کو شاہراہ فیصل پر ہونے والے عظیم الشان و تاریخی ”الاقصیٰ ملین مارچ” کا انعقاد کیا گیا،جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی ، مارچ میں اسرائیلی جارحیت و دہشت گردی کے خلاف بھرپور قومی اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کیا گیا،عالم اسلام کے حکمرانوں اور افواج پر زور دیا گیا کہ نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی اور امریکی سرپرستی میں اسرائیل کی بڑھتی ہوئی جارحیت و دہشت گردی کو روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں ،حکمران اگر اب بھی ناجاگے تو ان کی داستاں تک نہ ہوگی داستانوں میں ۔اسرائیل سے دوستی مہنگی پڑے گی ،غزہ کے بعد لبنان کو نشانہ بنانے والا اسرائیل کل کسی اور ملک کو بھی نشانہ بناسکتا ہے ،7اکتوبر کو ملک بھر میں ”یوم یکجہتی غزہ ”منایا جائے گا ۔عوام ،تاجر، وکلاء ، ڈاکٹرز ، اساتذہ ،طلبہ ،علمائے کرام سمیت ہر مکتبہ فکر سے وابستہ افراد گھروں ،دفاتر ،تعلیمی اداروں سے نکل کر سڑکوں پر آئیں ،اسرائیل کے خلاف احتجاج کریں ۔

امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے ”الاقصیٰ ملین مارچ ”کے لاکھوں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اس وقت عصبیت و لسانیت ،مسلکی اور فرقہ وارانہ بنیادوں پر اختلاف اور تقسیم پیدا کرنے کے ایجنڈے پر کام کیا جارہا ہے ،اسے ناکام بنایا جائے ،اتفاق کے نکات اختلاف سے زیادہ ہیں ، سعودی عرب اور ایران پر خصوصی ذمہ داری ہے کہ وہ یہ تقسیم پیدا نہ ہونے دیں، حکومت پاکستان کی آل پارٹیز کانفرنس اور یوم یکجہتی فلسطین کا خیر مقدم کرتے ہیں ،ہمارا مطالبہ ہے کہ کانفرنس میں صرف زبانی جمع خرچ نہ کیا جائے بلکہ مسلم حکمرانوں کا اجلاس بلایا جائے جس میں مسلم ممالک کے افواج کے سربراہان کو بھی دعوت دی جائے اور اسرائیل کے خلاف راست اقدام کا اعلان کیا جائے ،عالم اسلام کا اتحاد و یکجہتی اسرائیل کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کردے گا ۔اسرائیل نابود و برباد ہوکر رہے گا ، بیت المقدس ضرور آزاد ہوگا اور مسلمان قبلہ اول مسجد اقصیٰ میں نماز ادا کریں گے ۔قائد اعظم کے فرمان کے مطابق بھی اسرائیل ناجائز ریاست ہے ، اسے کسی طور پر بھی تسلیم نہیں کیا جاسکتا ،قائد اعظم نے یہ اعلان اس وقت کیا تھا جب پاکستان کی معیشت کچھ نہیں تھی۔انہوں نے مزیدکہاکہ ہم نے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے سربراہان سے ملاقات کی اور غزہ کے حوالے سے ساتھ چلنے کا کہا۔ اگر حکمرانوں نے متفقہ لائحہ عمل طے نہیں کیا تو جماعت اسلامی ان کا تعاقب کرے گی اور انسانیت دشمنی کو بے نقاب کرے گی ۔

کراچی کا ملین مارچ کسی جماعت یا پارٹی کا نہیں بلکہ فلسطین کی مزاحمتی تحریک کا ملین مارچ ہے۔ ملین مارچ پوری امت کی طرف سے اظہار یکجہتی بھی ہے۔ اسرائیل سب سے بڑا دہشت گرد ہے اور اس کی پشت پناہی کرنے والا بھی امریکہ دہشت گرد ہے۔ اسرائیل غزہ میں خیموں اور اسپتالوں پر بھی بمباری کررہا ہے۔ یو این او کا اجلاس جاری تھا کہ اسرائیل کے صدر نے نقشہ پیش کیا اور نیل سے فراط تک گریٹر اسرائیل بنانے کا اعلان کیا ہے۔ مسئلہ صرف قراردادوں اور واک آؤٹ کا نہیں ہے۔ امریکہ اسرائیل کو اسلحہ فراہم کررہا ہے، صدارتی الیکشن میں امن کا نعرہ ہونا چاہیئے۔ امریکہ کے حکمران صدارتی الیکشن میں اسرائیل کا ساتھ دینے کا نعرہ لگا رہے ہیں۔ پوری دنیا کے ممالک غزہ کے مسلمانوں کے ساتھ اور اسرائیل کے خلاف ہیں۔

بدقسمتی سے مسلم ممالک اپنا رول ادا نہیں کررہے ہیں۔ 57 اسلامی ممالک کی بہترین افواج موجود ہو اور ناسور اسرائیل کو کچھ نہ کہا جائے تو ایسی فوج کا کیا فائدہ۔ اسرائیل کو طاقت مسلم حکمرانوں کے خاموش ہونے کی وجہ سے مل رہی ہے۔ فلسطین کے بچوں، بوڑھوں، جوانوں اور عورتوں کو سلام پیش کرتے ہیں جو جھکنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ 23 لاکھ میں سے ایک بچہ، ایک بوڑھا، ایک عورت کوئی ایسا نہیں ہے جو جھکنے کے لیے تیار ہو۔ اہل غزہ و فلسطین کے مسلمان شہید ہونے کے لیے تیار ہیں اور پوری دنیا کو جگارہے ہیں۔ اگر آج مسلم امہ کے حکمران اکٹھا نہیں ہوں گے تو کل اسرائیل تمہیں بھی نہیں چھوڑے گا۔ اسرائیل کو صرف اور صرف جذبہ جہاد اور شوق شہادت ہی روک سکتی ہے۔2006 میں حماس نے فلسطین میں تاریخی کامیابی حاصل کی تھی۔ حماس کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق یہ حق حاصل ہے کہ وہ اسلحے کے ساتھ مقابلہ کرے ۔ جس طرح کشمیر کے عوام اسلحہ کے ساتھ لڑسکتے ہیں اسی طرح حماس بھی لڑسکتی ہے۔ 7 اکتوبر کو حماس کے مجاہدین نے اسرائیل کی ٹیکنالوجی جو شکست دی اور ان کے فوجیوں کو ہلاک کیا۔ اسرائیل نہتے بچوں اور عورتوں پر بمباری کررہا ہے اور اب لبنان پر حملہ کررہا ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ اہلیان کراچی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے تاریخی اور کامیاب ملین مارچ کیا۔ 7 اکتوبر کو یوم یکجہتی غزہ منایا جائے گا۔ پورے ملک کے عوام گھروں اور دفاتر سے باہر نکل کو اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی کریں گے۔

تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں و طبقہ ہائے فکر سے اپیل کرتا ہوں کہ 7 اکتوبر کو فلسطین سے یوم یکجہتی کا دن منایا جائے۔یوم یکجہتی فلسطین کی کال جماعت اسلامی نے دی ہے لیکن ہم چاہتے ہیں کہ پورے پاکستان کے عوام بلا تفریق رنگ و نسل 12 بجے نکل کر یوم یکجہتی غزہ منائیں گے۔ اسرائیل کی قسمت میں تباہی وبربادی ہے اور قبلہ اول ضرور آزاد ہوگا۔حماس کے رہنما وترجمان خالد قدومی نے کہاکہ ایک سال سے زائد اہل غزہ و فلسطین جنگ کا شکار ہیں۔ کراچی: 45 ہزار سے زاہد فلسطینیوں کو شہید کیا گیا ہے۔ 10 ہزار سے زائد فلسطینی لاپتا ہیں اور ہزاروں فلسطینی شدید زخمی ہیں۔ حماس کے مجاہدین طوفان الاقصیٰ کے نظریے کے تحت آگے بڑھ رہے ہیں۔ ایک سال سے زائد عرصے کے باوجود حماس کے مجاہدین پر عزم ہیں۔حماس کے مجاہدین روانہ اسرائیلی آرمی کو جہنم واصل کررہے ہیں۔امریکہ، برطانیہ، فرانس اسرائیل کی پشت پناہی کررہا ہے۔ اسرائیل کے بارے میں مشہور تھا کہ انہیں کوئی شکست نہیں دے سکتا۔ حماس کے مجاہدین نے اسرائیل کے سارے غرور کو خاک میں ملادیا ہے۔امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ محمد حسین محنتی نے کہاکہ آج ہم اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے جمع ہیں۔ آج اہل غزہ و فلسطین اسرائیل کی بمباری کا شکار ہیں۔ ایک سال میں 45 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو شہید کیا گیا ہے۔ ہزاروں کی تعداد میں شہادتوں کے بعد مجاہدین کے حوصلے پست نہیں ہوئے ہیں۔

ہم عزم کرتے ہیں کہ قبلہ اول کی آزادی کے لیے جانا پڑا تو ہم جانے کے لیے تیار ہوں گے۔ جماعت اسلامی نے ہمیشہ دنیا کے مظلوم ممالک کی مدد کی ہے۔ مقبوضہ کشمیر بھی ہمارا مسئلہ ہے جس پر بھارت نے زبردستی قبضہ کرلیا ہے۔ ایران کو داد تحسین دینے سے بات ختم نہیں ہوگی، او آئی سی کا اجلاس بلایا جائے۔ اسرائیل گریٹر اسرائیل کا خواب پورا کرنا چاہتا ہے۔ کل پورے پاکستان کے عوام 12 بجے دن گھروں سے نکل کر اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی کریں گے۔پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر نثارکھوڑو نے کہاکہ ہم غزہ و لبنان میں اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ہم عالم اقوام سے کہنا چاہتے ہیں کہ بے حسی ختم کرو۔ عالم اسلام کو یہ مجمع پیغام دینا چاہتا ہے کہ اسرائیلی تمہاری حیثیت کو ختم کرنے نکلے ہیں۔ ہم پاکستانیوں نے ہمیشہ سے فلسطینیوں کی حمایت اور اظہار یکجہتی کی ہے۔ ہم فلسطینیوں سے پیار ہے، آج تمام پارٹیاں جمع ہوکر اسرائیل کی مخالفت کررہے ہیں۔ میں جماعت اسلامی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ جنہوں نے پاکستان کی آواز کو اکٹھا کرنے کی کوشش کی۔

عالمی جنگ سے بچانے کے لیے ہمیں متحد ہونا ہوگا۔منعم ظفر خان نے کہاکہ اہلیان کراچی کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں کہ جنہوں نے ایک مرتبہ پھر کراچی کا لاج رکھا ہے۔ مزاحمت کے 364 دن مکمل ہوگئے ہیں۔ حماس کے مجاہدین کوبھی ایک سال مکمل ہونے پر سلام پیش کرتے ہیں۔اہل غزہ و فلسطین نے ثابت کردی کہ تمہارا غرور جزبہ جہاد اور شوق شہادت کی بدولت خاک میں ملا دیں گے۔ امریکہ انسانیت کا قاتل ہے، امریکہ غزہ میں نسل کشی کروانے کے لیے اسرائیل کی پشت پناہی کررہا ہے۔ ایک سال سے جاری ظلم امریکہ کی پشت پناہی میں جاری ہے جو مسلم امہ کے حکمرانوں کو نظر نہیں آرہا۔ 57 ممالک کے فوجیں جنہوں قبلہ اول کا تحفظ کرنا تھا آج وہ خاموشی کی تصویر بنے ہوئے ہیں۔ ہم سلام پیش کرتے ہیں اسماعیل ہانیہ کو جس کی شہادت نے نیا جذبہ پیدا کردیا ہے۔ ایک جانب نسل کشی ہورہی ہے دوسری جانب جذبہ جہاد سے سرشار نوجوان سینہ سپر کھڑے ہیں۔ اقوام متحدہ میں سوائے قراردادوں کے کچھ نہیں کیا جاتا۔افسوس آج اقوام متحدہ اور او آئی سی کے لیے جو غزہ میں جاری انسانی نسل کشی پر خاموش ہیں۔مجلس وحدت المسلمین کے علامہ باقر زیدی نے کہاکہ آج ہم اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے شاہراہ فیصل پر جمع ہیں۔ جماعت اسلامی کا شکر گزار ہوں جنہوں نے فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے مارچ منعقد کیا۔ حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ شہید ہوگئے لیکن جھکے نہیں۔ دشمن سمجھ رہا ہے کہ حماس اور حزب اللہ کے سربراہ کو شہید کرکے جیت گیا ہے۔

اہل غزہ و فلسطین کے عوام استقامت کے ساتھ ڈٹے ہوئے ہیں۔ حماس کے مجاہدین کے حوصلے پست نہیں ہوئے ہیں بلکہ ان کے اندر جذبہ جہاد بڑھ گیا ہے۔ اسرائیل نے انسانی نسل کشی تو کی ہے لیکن فلسطینیوں کے حوصلے کم نہ کرسکا۔جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق نے کہاکہ آج اہل کراچی اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے لاکھوں کی تعداد میں موجود ہیں۔ آج سے ایک سال قبل احمد یاسین کے وارثوں نے اسرائیل کے خلاف مزاحمت کا آغاز کیا تھا۔حماس کے مجاہدین نے اسرائیل کو شکست سے دوچار کردیا ہے۔ اسرائیل اپنی حزیمت مٹانے کے لیے غزہ کی ماؤں،بہنون اور بیٹیوں پر بمباری کررہا ہے۔ جماعت اسلامی اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی کردہی ہے۔ 7 اکتوبر کو 12 بجے دن پورے ملک کے عوام گھروں سے نکل کر اظہار کریں گے۔جماعت اسلامی کراچی منارٹی ونگ کے صدر یونس سوہن ایڈوکیٹ نے کہاکہ پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کا دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔ فلسطین میں انسانوں کی نسل کشی کی جارہی ہے۔ فلسطین میں اسرائیل نے چرچوں، گرجا گھروں اور مندروں پر بھی حملے کرکے تباہ کیا ہے۔پاکستان میں تمام قونصلیٹ کو یادداشت دینا چاہیئے کہ فلسطینیوں کی نسل کشی بند کی جائے۔ مشرق وسطی میں بھی بمباری کی جارہی ہے اسے بند کی جائے۔کراچی بار ایسوسی ایشن کے صدر عامر نواز وڑائچ نے کہاکہ بار ایسوسی ایشن نے ہمیشہ ہیومن رائٹس کے لیے آواز بلند کی ہے۔  جماعت اسلامی کے تحت الاقصی ملین مارچ کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ غزہ میں مسلمانوں کی نسل کشی کی جارہی ہے۔

 بد قسمتی سے مسلم امہ کے حکمران سوئے ہوئے ہیں۔ غزہ کے مسلمانوں پر ایک سال سے ظلم کیا جارہا ہے۔ اہل غزہ و فلسطین خراج تحسین کے مستحق ہیں کہ وہ صبر و استقامت کے ساتھ اسرائیل کے خلاف ڈٹے ہوئے ہیں۔ ہم مارچ کے توسط سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ 40 ممالک کی افواج کہاں ہے۔اقوام متحدہ غیر اسلامی ملک کے مسئلے پر فوری ایکشن لیتی ہے لیکن اسے غزہ کا مسئلہ نظر نہیں آتا۔اقوام متحدہ ڈکلئیر کرے کہ اس کا ہیومن رائٹس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔مارچ میں جماعت اسلامی کے مرکزی ڈپٹی سکریٹری ممتاز حسین سہتو ،مرکزی رہنما اسد اللہ بھٹو،ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی ،پیپلزپارٹی کے صوبائی سکریٹری وقار مہدی ، فلسطین فاؤنڈیشن کے سربراہ صابر ابو مریم ، تاجر رہنما عتیق میر،محمود حامد اور محمد اسلم نے بھی شرکت کی ۔