میانوالی ، پولیس نے مکڑوال میں دہشت گردوں کا  حملہ ناکام بنادیا


میانوالی (صباح نیوز)میانوالی کے تھانہ مکڑوال کی حدود مکڑوال میں دہشت گردوں کا  حملہ پنجاب پولیس نے ناکام بنادیا،   مکڑوال میں  دہشت گرد وں نے پولیس پر حملہ کیا ،جوابی کارروائی پر دہشت گرد  پہاڑی راستوں سے فرار ہوگئے۔

میانوالی کے  تھانہ مکڑوال کے پہاڑی علاقہ ملاخیل میں دربار خاصہ بابا کے قریب 10 سے 12 دہشت گردوں نے پولیس پر حملہ کیا ۔ڈی پی او میانوالی اختر فاروق کی قیادت میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس اور سی ٹی ڈی کے دستوں نے علاقہ میں سرچ آپریشن  میں مصروف تھے کہ پولیس پارٹیوں پر دہشت گردوں نے حملہ کیا، دوران سرچ آپریشن دہشت گردوں نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کر کے حملہ کیا جس کے جواب میں پولیس و سی ٹی ڈی کے افسران و جوانوں نے محفوظ پوزیشن لیکر شدید جوابی فائرنگ کی۔

پولیس کے مطابق پولیس اور سی ٹی ڈی کے افسران و جوانوں نے ایک تک گھنٹہ نہایت بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کیاتاہم، شدید فائرنگ کے باعث دہشت گرد پہاڑی علاقے میں فرار ہوگئے۔ڈی پی اواختر فاروق، ڈی ایس پی سی ٹی ڈی اور ڈی ایس پی سرکل عیسی خیل سمیت پولیس کے تمام افسران و جوان شدید کراس فائرنگ میں محفوظ رہے۔ڈی پی او اختر فاروق نے کہا کہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر دم لیں گے۔