اسرائیل کو حزب اللہ کمانڈر کے قتل کی قیمت چکانا پڑے گی ،حماس


غزہ (صباح نیوز)فلسطینی مزاحمتی تحریک(ِ حماس) نے کہا ہے کہ اسرائیل کو حزب اللہ کمانڈر ابراہیم عقیل کے قتل کی قیمت چکانا پڑے گی،قابض اسرائیلی حکومت جو کچھ کر رہی ہے وہ کھلی جارحیت ہے۔

اپنے بیان میں حماس نے کہا کہ عرب میڈیا کے مطابق حماس نے لبنان میں حزب اللہ کمانڈر ابراہیم عقیل کے قتل کی مذمت کی اور کہا کہ حزب اللہ کمانڈر ابراہیم عقیل کا بزدلانہ قتل جرم اور حماقت ہے۔قابض صیہونی حکومت جو کچھ کر رہی ہے وہ کھلی جارحیت ہے جس میں رہائشی محلوں ،شہری مواصلاتی ڈیوائسز کو نشانہ بنا کردہشت گردی کی نئی تاریخ رقم کررہی ہے۔

بیان میں کہاگیا کہ ہم حزب اللہ اور اسلامی مزاحمت میں اپنے بھائیوں کی حمایت کرتے ہیں، اور ان کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں۔ ہم اپنے عوام کی حمایت کے لئے جنگ جاری رکھتے ہوئے ان کے جرت مندانہ موقف اور قومی، مذہبی اور انسانی اقدار کا ساتھ دینے پر ان کے اصرار کی قدر کرتے ہیں۔حماس نے زور دیا کہ یہ فسطائی جارحیت اپنے کسی بھی اہداف کو حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو گی اور مزاحمت علاقے میں صیہونی منصوبے کے مکمل خاتمے اور مکمل آزادی تک اپنے راستے پر گامزن رہے گی۔