ملک کے معاشی حالات میں بہتری نظر آرہی ہے، سیدال خان

اسلام آباد(صباح نیوز) ڈپٹی چیئرمین سینٹ سیدال خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان ترقی کی طرف گامزن ہے ملک کے معاشی حالات میں بہتری نظر آرہی ہے ۔وزیر اعظم پاکستان صوبہ بلوچستان کی ترقی و خوشحالی اور پسماندہ علاقوں کی پسماندگی کو دور کرنے اور زیادہ سے زیادہ بین الا قوامی سرمایہ کاری لانے کیلئے سر گرم ہیں .

ان خیالات کا اظہار ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے سابق گورنر و سینیٹر صوبہ خیبر پختونخواہ محمد اقبال ظفر جھگڑا ،صوبائی وزیر بلوچستان میر لیاقت لہڑی ،سینیٹر حاجی ہدایت اللہ خان ،سینیٹر ناصر بٹ، صوبائی رکن اسمبلی علی خان یوسف زئی ،اسلام آباد اور لاہور سے تعلق رکھنے والے سینیئر اینکر پرسنس ،صحافیوں ،طلبا،وکلااور سوشل سیکٹر سے تعلق رکھنے والی خواتین کے وفد سے پارلیمنٹ ہاوس میں ہونے والی مختلف ملاقاتوں کے دوران کیا ۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ موجودہ حکومت کی پالیسیوں کی بدولت ملک کے معاشی حالات میں نمایاں بہتری نظر آرہی ہے ۔وزیر اعظم پاکستان کی کوششوں سے ملک میںاشیاخردونوش کی قیمتوں میں بھی کمی آرہی ہے ۔میاں محمد نواز شریف کی ہدایت کے مطابق ملک بھر میں آٹے و دیگر اشیاکی قیمتو ں میں بھی کمی دیکھنے میں آئی ہے ۔سیدال خان نے کہا کہ ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کا ماحول بن رہا ہے اور خاص طور صوبہ بلوچستان میں یکجہتی اور بھائی چارے کو فروغ دے کر تجارت اور سرمایہ کاری میں بہتری لائی جا سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ انتشار پھلانا سے کسی بھی ملک کے حالات میں بہتری نہیں آتی البتہ حالات مزید خراب ہوتے ہیں ۔

 ڈپٹی چیئرمین سینٹ نے کہا کہ صوبہ بلوچستان کی پسماندگی دور کرنے کے لیے تمام مکاتب فکر اور سیاسی جماعتوں کو اکٹھا ہونا پڑے گا۔ بلوچستان کے دور دراز کے علاقے اب بھی صحت، تعلیم،پانی ،خوراک و دیگر بنیادی سہولیات سے محروم ہیں جس کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا پڑے گا۔ اس موقع پر بلوچستان اور خیبر پختونخواہ میں حالیہ سیلاب اور بارشوں کے باعث ہونے والے نقصانات پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بارشوں اور سیلاب کے باعث بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے ہیں جس کے لیے صوبائی حکومت اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر بحالی کا کام کو تیز کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان اور خاص طور پر بلوچستان اور دیگر دور دراز کے علاقوں میں عوام کو مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور اس کے لیے ضروری ہے کہ ایسی حکمت عملی اپنائی جائے جس کے باعث قدرتی آفات سے ہونے والے نقصانات کو کم سے کم کیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ان چیلنجز کا مل کر سامنا کیا جائے اور کوئی ایسی حکمت عملی اختیار کی جائے جس کی بدولت شہریوں کے ساتھ ساتھ انفراسٹرکچر کو بھی نقصانات سے بچایا جا سکے۔  ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ تعالی نے بلوچستان کو بہت سی نعمتوں سے نوازا ہے ۔ بلوچستان قدرتی وسائل کی دولت سے مالا مال ہے ۔انہوں نے کہا کہ صوبے اور اس کی عوام کی ترقی کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہو گا اور ہم سب کو ساتھ لے کر چلیں گے ۔