اسلام آباد (صباح نیوز )سی بی اے کمیٹی پارلیمنٹ ہاؤس ڈائریکٹوریٹ کے زیر اہتمام پارلیمنٹ ہاؤس کے ترقی پانے والے ملازمین میں پروموشن لیٹر تقسیم کرنے کے حوالے سے تقریب منعقد ہوئی جس میں سی ڈی اے مزدو ریونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین ،صدراورنگزیب خان ،سپریم ہیڈ صوفی محمودعلی،چیف آرگنائزرملک محمد عاصم،چیف کوآرڈینیٹرچوہدری طارق گجر،محمد اصغرمغل،راجہ غلام مرتضیٰ،محمد یوسف بٹ،سید امیرشاہ کاظمی،ناصرعباسی،ملک سجادحسین،خیراللہ،خرم عباسی،ملک اکمل شہزاد،راجہ محمد شفیق،گلزارمسیح،صباح مسیح سمیت سی ڈی اے کے سینکڑوں ملازمین نے شرکت کی،
تقریب میں ترقی پانے والے ملازمین نے قائدین مزدور یونین کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ سی ڈی اے مزدور یونین نے پارلیمنٹ ہاؤس کے تمام ملازمین کو چھ تنخواہیں بطور اعزازیہ دلوائیں اور وہ ملازمین جن کی لائن آف پروموشن نہیں تھی انکے لیے لائن آف پروموشن کروائی جس سے تمام ملازمین ترقی حاصل کرسکیں گے ،ان خدمات پر ہم اپنے قائدین کا شکریہ اداکرتے ہیں اور اپنی طرف سے یقین دلاتے ہیں کہ ہم سی ڈی اے مزدور یونین کے ساتھ ہیں اور آنے والے ریفرنڈم میں مزدور یونین کو بھاری اکثریت سے کامیا ب کروائیں گے ،
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی ڈی اے مزدور یونین کے قائد چوہدری محمدیٰسین نے کہا کہ سی ڈی اے مزدور یونین کا مشن رنگ ،نسل اور مذہب سے بالاترہو کر بلاتفریق خدمت ہے اور ہمارایہ طرہ امتیازرہا ہے کہ ہم نے جہاں مسلم ملازمین کو مراعات دلوائیں وہاں اپنے مسیحی ملازمین کے لیے بھی یکساں مراعات دلوائیں ،ہم نے تمام فیلڈسٹاف ملازمین کے لیے لائن آف پروموشن بنائی جس سے ہزاروں ملازمین مستفید ہونگے اورپارلیمنٹ ہاؤس ڈائریکٹوریٹ کے ملازمین کو چھ تنخواہیں بطور اعزازیہ دلوائیں اور تمام سیکورٹی گارڈزکو پانچ ہزارروپے ماہانہ الاؤنس دلوایا ،ادارے کے تمام ملازمین کو بیس فی صد مہنگائی الاؤنس دلوایا ،تمام ملازمین اپنی صفوں میں اتحاد برقراررکھیں سی ڈی اے مزدو ریونین ریفرنڈم کے لیے ہمہ وقت تیار ہے،آج کا مزدور با شعور ہو چکا ہے اور وہ جان چکا ہے کہ نا اہل ٹولے نے ان کے چار سال ضائع کیے،
مزدور یونین نے چار ہزار ملازمین اور بیواؤں کو پلاٹ دے کر ان کی زندگیوں میں خوشحالی لائی اورمزید چار ہزار پلاٹوں کی قرعہ اندازی ڈویلپ سیکٹرز میں 30اپریل 2011کو ہونا تھی جو اس مزدور دشمن ٹولے نے اپنے ٹاؤٹوں اور ایجنٹوں کے ذریعے سٹے لے کر رکوادی،مزدور یونین نے 20%سپیشل الاؤنس بمعہ بقایاجات کروڑوں روپے کی مد میں ملازمین کو دلوائے،اوجڑی الاؤنس،بدبوالاؤنس،پادری الاؤنس اور مزدور یونین کے معاہدوں کے تحت ہزاروں ملازمین کو ریگولر کیاگیا،نا اہل ٹولہ اور اسکی بغل بچہ یونین نئے روپ بدل کر ایک بار پھر ملازمین کو بیوقوف بنانے کی کوشش کر رہے ہیں،مزدور یونین ان میر جعفر اور میر صادق کر کردار اداکرنے والے انتظامیہ کے ٹاؤٹوں کو ریفرنڈم کے میدان میں گھسیٹ کر لائے گی اور محنت کشوں کے ووٹ کی طاقت سے ان کو شکست سے دوچارکرے گی،تقریب کے اختتام پر قائد مزدور یونین چوہدری محمد یٰسین نے تمام پروموٹ ہونے والے ملازمین میں لیٹرزتقسیم کیے ۔