پاکستانی بغداد ایئرپورٹ پر محصور ہو نے کی خبریں تشویشناک،زائرین کو واپس لانے کا بندوبست کیا جائے،محمد جاوید قصوری

لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے حکومت کی ناقص حکمت عملی، امیگریشن پالیسی اور عراقی ایئر لائن کے جہازوں کی عدم دستیابی کے سبب ہزاروں پاکستانی بغداد ائرپورٹ پر محصور ہو نے کی خبروں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی زائرین کی بڑی تعداد گزشتہ کئی گھنٹوں سے عراقی ائرپورٹ پر محصور ہے۔ یورپ سمیت دیگر مغربی ممالک سے آنے والے افراد جو پاکستانی پاسپورٹ پر عراق سفر کر رہے ہیں وہ بھی اپنی فلائٹس مس کر چکے ہیں۔ حکومت پاکستان اس مسئلے کو سنجیدگی سے لے اورزائرین کو وطن واپس لانے کے لئے ہنگامی طور پر خصوصی پروازویں چلائی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ اپسوس پاکستان کے سروے کے مطابق94 فیصد عوام کی قوت خرید متاثر ہوئی ہے،90 فیصد افراد کی بچت صلاحیت عملاً ختم ہو چکی ہے جبکہ مستقبل میں معاشی بحالی سے مایوس پاکستانیوں کی شرح 70 فیصد ہوگئی ہے۔ایک طرف معاشی حالات دن بد ن ابتر ہوتے چلے جا رہے ہیں لوگ مہنگائی ہاتھوں تنگ آکر خود کشیوں پر مجبور ہیں۔ بجلی کے بلوں نے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے ، گیس بلوں میں بھی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ لگانے کے فیصلے ہو رہے ہیں،جبکہ دوسری جانب وزیر توانائی آئی پی پیز کے ترجمان بنے ہوئے ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کی طرف سے 25 کروڑ عوام کو گمراہ کیا جا رہا ہے۔ انرجی ٹیرف اور مارک اپ میں مسلسل اضافے کے باعث پیداواری لاگت بڑھنے سے فیصل آباد کی ایک سو سے زائد چھوٹی بڑی فیکٹریاں بند ہو گئیں جس سے لاکھوں مزدور بیروزگار ہو چکے ہیں۔فیکٹریوں کو ایکسپورٹ آرڈرز ملنا بند ہو چکے ہیں۔محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ پاکستان 40 خاندانوں کا نہیں، 24 کروڑعوام کا ہے۔ لہذا ایسی پالیسیاں مرتب کی جانی چاہیں جن سے 99فیصد عوام کو ریلیف میسر ہو نہ کہ مٹھی بھر اشرافیہ کو77 سال سے یہ ظالمانہ نظام ملک کی جڑیں کھوکھلی کر رہا ہے۔اس سے نجات حاصل کرنے کے لئے قوم اٹھ کھڑی ہو اور حافظ نعیم الرحمان کا ساتھ دئے۔ جماعت اسلامی عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف نہ ملنے تک سٹرکوں پر ہے۔ حکومت کے ساتھ ہونے والے معاہدے کا ایک ایک دن گن رہے ہیں۔ جماعت اسلامی پاکستان کے 25 کروڑ عوام کی ترجمانی کر رہی ہے