سانحہ بلوچستان میں ملوث افراد کو جلد از جلد گرفتار کر کے عبرت کا نشان بنایا جائے،جاوید قصوری 


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے بلوچستان کے مختلف اضلاع موسیٰ خیل، مستونگ، بولان اور قلات میں ایک ہی دن میں دہشت گردی کے پے درپے واقعات اور ان میں درجنوں افراد کی شہادت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان عالمی قوتوں کے نشانے پر ہے ، پنجاب کے لوگوں کا قتل عام کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے۔قوم سوال پوچھتی ہے کہ صوبائی و وفاقی حکومتیں کہاں ہے۔؟دن دیہاڑے لوگوں کو قتل کیا جا رہا ہے جو کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر بڑا سوالیہ نشان ہے ۔پنجاب کے عوام نے ہمیشہ بلوچوں کے حقوق کی بات کی ہے جبکہ بلوچستان میں پنجاب کے لوگوں کو نشانہ بنا یا جا رہا ہے ۔ پاکستان کے امن کو خراب کیا جا رہا ہے، یہ کسی بھی صورت میں قبول نہیں۔ دہشت گردوں کا قلع قمع کرنا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں سانحہ بلوچستان اور 28اگست کو ملک گیر ہڑتال کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سیکرٹری جنرل نصر اللہ گورائیہ، محمد فاروق چوہان بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے مزدوروں کی ٹارگٹ کلنگ سے ملک کے اندر نفررتیں بڑھیں گئیں۔پنجاب کے لوگ ہمیشہ محبت اور بھائی چارے کے ساتھ رہتے ہیں۔مقتدر حلقے اور حکومت اس قسم کے واقعات کی روک تھام کریں۔پنجاب حکومت مرحومین کے اہل خانہ کے لئے مالی امداد کا اعلان کرے ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے حالات خراب کرنے میں بیرونی عناصر موجود ہیں جن کی خواہش ہے کہ بلوچستان عدم استحکام کا شکار ہو اور پاکستان کو اندورنی طور پر کمزور کیا جائے۔ یہ حملے باقاعدہ سوچی سمجھی سازش کا نتیجہ ہے اور اس کی پست پناہی دشمن ممالک سے ہو رہی ہے۔ملک او ر بالخصوص بلوچستان میں دہشت گردی کی فضا قائم کر کے پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانا بھارت کا اولین ایجنڈا ہے۔جماعت اسلامی اور پوری قوم ان حملوں میں شہید ہونے والے لواحقین کے غم  میں برابر کے شریک ہیں۔ پاکستان کی سلامتی کے ساتھ کسی کو بھی کھیلنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ملک  دشمنوں کی تمام سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل بیٹھ کر اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔محمد جاوید قصوری کا کہنا تھا کہ معاشی دہشت گردی کے خلاف جماعت اسلامی مسلسل جدوجہد کر رہی ہے ۔ جماعت اسلامی حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں، مہنگائی، بے روزگاری، ٹیکسوں کے ظالمانہ نظام کے خلاف کل 28 اگست کو ملک گیر شٹرڈاون ہڑتال کرے گی جس کو ملک کی تمام چھوتی بڑی تاجر تنظیموں کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ہم حکومت کے ساتھ ہونے والے معاہدے کا تعاقب کر رہے ہیں ۔حکومت کو پیچھے نہیں ہٹنے دیں گے