ملتان (صباح نیوز)وفاقی وزیر توانائی اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ ایک سال میں بجلی کی قیمتوں میں کمی نظر آئے گی ،بجلی کی چوری ختم کرنے پر کمپنیوں کو فری ہینڈ دیں گے،ہمیں رزلٹ چاہیے۔
ملتان میں میپکو ہیڈ کوارٹر میں نیوزکانفرنس کرتے ہوئے اویس لغاری نے کہا کہ کمپنیوں کو اختیار ہوگا کہ چاہے کسی کو رکھیں یا نکالیں، ہمیں رزلٹ چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سختی سے ہدایت کی ہے ایک یونٹ کی غلطی بھی قابل برداشت نہیں ہو گی ، بجلی کی چوری سٹیٹ اور عوام کے لئے برداشت کے قابل نہیں ، کوشش کر رہے ہیں اس سال چوری کے نقصانات کم ہوں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ میپکو ریجن میں 15.6 فیصد بجلی چوری ہو رہی ہے، اسے ختم کرنا ہدف ہے، ہم نئے بورڈز کے ذریعے کمپنی میں صارف کو بہتر عزت دیں گے۔انہوںنے کہا کہ عام آدمی بھی ہمارے سسٹم میں کسی کام کے لئے کال کرے گا تو جلد ریسپانس ملے گا، جیسے فون میں پری پیڈ سسٹم ہوتا ہے، اسی طرح کا میٹر بھی ملنا چاہیے،صارفین کو پری پیڈ میٹرز مہیا کرنے کی ضرورت ہے۔وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ شرح سود کم اور روپیہ مستحکم ہو رہا ہے، اس کا کیپسٹی پیمنٹ پر فرق پڑے گا، ایک سال میں بجلی کی قیمتوں میں کمی نظر آئے گی۔
اویس لغاری نے کہا کہ حکومت پنجاب نے 200 سے 500 یونٹ صارفین کو ریلیف دیا ہے، حکومت پنجاب کا 45 ارب روپے کا ریلیف ہر مستحق تک پہنچائیں گے۔وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ ایک سے ڈیڑھ ہفتے میں سندھ اور بلوچستان کی کمپنیز کا دورہ ہوگا۔