مظفرآباد(کے پی آئی ) امیرحز ب اور متحدہ جہاد کونسل کے سربراہ سید صلاح الدین نے مجیب الرحمان مزاری کی تحریک آزاد ی کشمیر کے لئے خدمات پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجیب الرحمان مزاری کی جدائی سے ایک خلا پیدا ہوا۔وہ تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کیلئے آخری وقت تک جدوجہد میں مصروف رہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے زیر صدارت حزب کمانڈ کونسل کے ایک خصوصی اجلاس میں کیا ۔حزب سربراہ نے اس موقع پرمجیب الرحمان مزاری کی تحریکی خدمات کو سراہا اور زبردست خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم تحریک آزادی کشمیر کی جدوجہد میں زندگی کے آخری لمحے تک مصروف رہے۔حزب المجاہدین کے وہ اہم اور مرکزی رہنما تھے اور وہ ہمیشہ اپنی سیرت و کردار کے لحاط سے ممتاز رہے۔ان کی جدوجہد کا ہر لمحہ قابل رشک اور قابل تحسین ہے۔اسلام کی سربلندی اور تحریک آزادی کشمیر کیلئے انہوں نے خود کو وقف کیا تھا اوراس دوران انہوں نے نہ صرف ایک قائد بلکہ ایک کارکن کی طرح بھی صرف اور صرف اپنے مشن کی آبیاری کیلئے ہمہ تن جدوجہد کی۔سید صلاح الدین احمد نے ان کی جدائی کو انتہائی تکلیف دہ قرار دیا اور کہا کہ ان کی جدائی سے ایک خلا پیدا ہوا جسے پر کرنا ناممکن تو نہیں لیکن مشکل ضرور ہے۔
اجلاس میں نائب امیر حزب سیف اللہ خالد اور شمشیر خان نے بھی خطاب کیا اور مرحوم کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کیا۔اجلاس کے آخر پر مرحوم مجیب الرحمان مزاری کی بلندی درجات اور ان کے پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی گئی اور اس عزم کو دہرایا گیا کہ حصول منزل تک جدوجہد جاری رہے گی۔