بانی پی ٹی آئی کے تحفظات بالکل درست ہیں، لوگوں کو ملاقات نہیں کرنے دی جاتی،علی امین

اسلام آباد (صباح نیوز)وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے تحفظات بالکل درست ہیں، لوگوں کو ملاقات نہیں کرنے دی جاتی۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ جو نام وہ ملاقات کیلییدیتے ہیں وہ نکالے جاتے ہیں ان کو مانیٹر کیا جارہا ہے،یہ ان کیبنیادی حقوق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب یہ ہمارے حقوق لیتے جا رہے ہوں تو آئین کے مطابق آواز اٹھانے کا حق بنتا ہے، ہم قانون کی پاسداری کرتے ہیں ۔ ہم اپنا حق لینے کے لیے پر امن احتجاج کر سکتے ہیں، اگر بانی پی ٹی آئی نے بھوک ہڑتال کی تو یہ بھوک ہڑتال پورے پاکستان کی ہو گی۔علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ کے پی کے کی حکومت نے سٹیٹ بینک سے ایک روپے کا قرض نہیں لیا، پہلی دفعہ تاریخ میں کسی بھی حکومت نے 100 ارب روپے کا سرپلس بجٹ دیا۔وزیرِ اعلی خیبر پختونخوا نے کہا کہ جب ہم آدھی قیمت پر بجلی دیں گے تو روزگار بھی آئے گا، چاہتے ہیں صوبہ اپنے پائوں پر کھڑا ہو جائے، 2028 تک 800 میگاواٹ بجلی خود بنالیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ ایک لاکھ نوجوانوں کو روزگار دے رہے ہیں، بلاسود قرضے دے رہے ہیں، ہم نے صوبے کو فلاحی صوبہ بنانا ہے، ہم نے عوامی چیزوں پر ٹیکسز کم کئے  ہیں، ہماری پالیسی ہے کہ غریب کو ریلیف دینا ہے اور مافیا پر ٹیکس بڑھانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ نے پہلے خط لکھا تھا جس میں لکھا تھا ہم پر دبائو ہے، پہلے بھی کہا تھا ہمیں بتائیں کس کا دبائو ہے آپ کا ساتھ دیں گے، ہم قانون کی پاسداری کرتے ہیں احترام کرتے ہیں، ہم اپنا حق لینے کے لئے  پر امن احتجاج کر سکتے ہیں۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ امریکی وفد سے سائفر کے متعلق بات چیت کی گئی، سائفر کے سلسلے میں ہماری تشویش ہے، وہ دور کریں۔